بھلیسہ کے گاﺅں ہلوڑ میں گیس سلنڈر پھٹنے سے7افراد زخمی زخمیوں کا ضلع ہسپتال میں ٹھیک معائنہ نہ کرنے پر لوگوں کا ڈی سی دفتر کے سامنے احتجاج ضلع انتظامیہ ومحکمہ صحت کے حکام کے خلاف کی نعرہ بازی،تحقیقاتی کمیٹی تشکیل نہیں دی ، معاملہ زیر غور:اے ڈی سی ڈوڈہ

اشتیاق ملک
گندوہ //بھلیسہ کے گاو¿ں ہلوڑ نیلی میں گیس سلینڈر پھٹنے سے 7افراد شدید زخمی ہوئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو شام نو بجے کے قریب ہلوڑ گاو¿ں میں ذاکر حسین کے گھر میں اچانک گیس سلینڈر میں آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ہی کنبہ کے سات افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جن کی شناخت زبیدہ بیگم زوجہ ذاکر حسین ،مہنازہ بانو دختر ذاکر حسین ،محمد یاور ،یاسرعرفات ،عمر دین ولد ذاکر حسین ،ذاکر حسین ولد غلام قادر ومصطفی ولد جاوید وانی ساکنہ ہلوڑ کے طور ہوئی ہے ،اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ سیول وپولیس انتظامیہ موقع پر پہنچے اور بچاو¿کارروائی شروع کی ، ایس ڈی پی او گندوہ سنی گپتا نے اڑان کو بتایا زخمیوں کو پہلے سب ضلع ہسپتال گندوہ لایا گیا جہاں پر انہیں فرسٹ ایڈ دے کر ضلع ہسپتال ڈوڈہ منتقل کیا گیا۔تاہم ضلع ہسپتال ڈوڈہ میں بہتر طبی خدمات نہ ملنے پر زخمیوں کے رشتہ داروں نے سنیچر کے روز محکمہ کے خلاف زبردست احتجاج کرتے ہوئے زخمیوں کو لیکر ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ کے دفتر کے سامنے دھرنا دیا ۔احتجاجی مظاہرین میں شامل لوگوں نے ضلع انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ضلع انتظامیہ باالخصوص سیو ل ومحکمہ صحت عوامی مسائل کو حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رات بھر میں ہسپتال میں رہنے کے باوجود نہ ہی گیس سلینڈر سے جھلس گئے افراد کا معائنہ کرنے کوئی ڈاکٹر آیا و ہسپتال کا سربراہ تک نہ آیا۔ ایک گھنٹہ تک احتجاج کرنے کے دوران گاڑیوں کی نقل وحرکت بھی معطل رہی ۔اس دوران ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ اس معاملہ میں تحقیقات کی جائے گی تاہم مظاہرین نے ان کی ایک نہ سنی اور پھر پولیس نے زخمیوں کو اپنی گاڑیوں میں بٹھا کر ہسپتال پہنچایا ۔ہسپتال انتظامیہ کی عدم توجہی پر سیول سوسائٹی ممبران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی اعلی سطحی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے قصورواروں کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔اس سلسلہ میں جب نمائندہ نے ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر محمد حنیف ملک سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ابھی تک کوئی تحقیقاتی کمیٹی نہیں بنائی ہے تاہم انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اس معاملہ میں انتظامیہ کے ساتھ تبادلہ خیال کررہے ہیں جس کے بعد ہی کوئی فیصلہ لیا جائےگا۔