پرانے نوٹ تبدیل کرنے کا مل سکتا ہے موقع سپریم کورٹ نے مرکز ی حکومت سے جواب مانگا

 

یو این آئی
نئی دہلی// جو لوگ نوٹ بندی کے بعد دیئے گئے وقت میں پرانے نوٹ تبدیل نہیں کر پائے انہیں سپریم کورٹ سے راحت ملی ہے۔ کورٹ نے منگل کو مرکزی حکومت سے ایماندار لوگوں کو پرانے نوٹ جمع کرانے کا ایک اور موقع دینے کے بارے میں پوچھا۔ مرکزی حکومت نے اس کا جواب دینے کے لئے دو ہفتے کا وقت مانگا ہے۔ کورٹ نے حکومت کو پرانے نوٹ جمع کرنے کی میعاد مقرر کرنے کو لے کر پھٹکار لگائی۔ کورٹ نے کہا کہ اگر لوگوں کے پاس واجب وجوہات ہیں تو انہیں پریشان نہیں کیا جا سکتا۔ انہیں پرانے نوٹ تبدیل کرنے کی اجازت ملنی چاہئے۔سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت اور آر بی آئی سے پوچھا کہ کیا ان ایماندار لوگوں کو کوئی طریقہ دستیاب کرایا جا سکتا ہے جو 500 اور 1000 روپے کے نوٹ جمع نہیں کرا سکے۔ مرکزی حکومت نے کورٹ سے منگل کو کہا کہ وہ اس معاملے میں حلف نامہ دائر کرے گی۔ سپریم کورٹ ایڈوکیٹ سدھا مشرا اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کر رہا ہے جس میں 500 اور 1000 روپے کے پرانے نوٹ جمع کرنے کو لے کر حکومت کی ہدایات مانگی گئی ہیں۔واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ سال 8 نومبر کی آدھی رات سے 500 اور 1000 روپے کے پرانے نوٹوں پر پابندی لگا دی تھی۔ اس کے بعد لوگوں کو 30 دسمبر، 2016 تک آر بی آئی میں اپنے پرانے نوٹ جمع کرنے کا اختیار دیا گیا تھا۔