نعیم اختر نے کونسل میں جی ایس ٹی قرار داد پیش کی

سرینگر //وزیر برائے تعمیرات عامہ نعیم اختر نے آج وزیر خزانہ ،محنت و روز گار کی جانب سے قانون ساز کونسل میں آئین ہند میں کی گئی متعلقہ ترامیم کا اطلاق جموں وکشمیر میں کر کے جی ایس ٹی کو ریاست میں عمل میں لانے سے متعلق قرار داد پیش کی۔ان ترامیم کو جموںوکشمیر کی موجودہ خصوصی آئینی حیثیت کوملحوظ نظر رکھ کر نئی صورت دی گئی ہے۔قرار داد کی تائید قانون ساز وکرم آدتیہ سنگھ نے کی جبکہ مجوزہ قرار داد پر بحث کا آغاز قانون ساز فردوس احمد ٹاک نے کرتے ہوئے جی ایس ٹی کو ریاست میں لاگو کرنے کے فوائد کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی اقتصادیات کو جی ایس ٹی سے فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریاست میں ٹیکس اصلاحات کی جانب ایک بہت بڑا قدم ہوگا۔قانون ساز گردھاری لال رینہ نے بھی بحث میں حصہ لیتے ہوئے ریاست بھر میں جی ایس ٹی کو لاگو کرنے کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ اس ٹیکس نظام کی عمل آوری سے ریاست کے عوام مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یکساں ٹیکس نظام لوگوں کے لئے راحت کا سبب بننے کے علاوہ حکومتوں کے لئے بھی خدمات کی بہتر فراہمی کے لئے راہ ہموار کرے گا۔