اڑان نیوز
بھدرواہ // نیشنل کانفرنس کے ضلع نائب صدر ڈاکٹر ریاض بھدرواہی نے بھدرواہ حلقہ کے کئی علاقوں کا تین روزہ دورہ کرکے عوامی مشکلات کا جائزہ لیا۔ اپنے تین روزہ دورے کے دوران بھدرواہی نے چنتا ، شریخی ، سارنا ، گاٹھا ، سیری ، بھالہ ، بستی میں عوامی وفود و پارٹی کارکنوں سے ملاقات کرکے حالیہ تباہ کن بارشوں سے پیدا ہوئے بحرانی صوتحال کا معائنہ کیا۔ کاس موقع پر ان کے ہمراہ چوہدری شبیر ، عبدل قیوم باغوان ، عارف بٹ ، غلام بنی نائیک ، جگدیش کمار ،بالکرشن ، امجد میر ، علی محمد شاخساز وغیرہ تھے ۔مقامی لوگوں نے نیشنل کانفرنس کے لیڈران کو ان کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس میں سڑکوں کی خستہ حالی ، راشن گھاٹوں پر چاول آٹااور مٹی کے تیل کی کمی ، اسکولوں میں اساتذہ کی کمی ، بجلی کی کٹوتی اور بے روزگاری وغیرہ شامل تھے ۔اس موقع پر بولتے ہوئے ڈاکٹر ریاض بھدرواہی نے مخلوط سرکار کی جم کر نکتہ چینی کی اور کہا کہ سرکار بھدرواہ کے ساتھ سوتیلے پن کا سلوک اپنا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب نیشنل کانفرنس کی سرکار تھی عوام کے سب مسائل حل ہوتے تھے لیکن موجودہ وقت میں سرکار زمینی سطح پر کہیں دکھائی نہیں دیتی اور صرف کاغذی گھوڑے دوڑائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ سرکار کے دور میں مظلوم لوگوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے اور وزیر اعلی محبوبہ مفتی کرسی چھوڑنے کو تیار نہیں ۔انہوں نے مانگ کی کہ بھدرواہ کی تمام رابطہ سڑکوں پر تار کول بچھایا جائے جبکہ بھدرواہ کے سیاحتی مقام پر ہٹ وغیرہ تعمیر کئے جائیں ۔ انہوں نے بھدرواہ میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے سڑکوں کی کشادگی کا عمل شروع کرنے وپارکنگ کا معقول انتظام کی بھی مانگ کی۔بھدرواہی نے کہا کہ نیشنل کانفرنس بھدرواہ کے حق میں لڑائی ہمیشہ لڑتی رہے گی چاہئے اس کے لئے ان کو کوئی بھی قربانی دینی پڑے۔