اڑان نیوز
جموں// فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے جمعہ کے روز جموں خطہ کے سرحدی اضلاع کا دورہ کرکے وہاں اگلے علاقوں میں سیکورٹی کی صورتحال اور آپریشنل تیاری کا جائزہ لیا۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ جنرل بپن راوت سیکورٹی کی صورتحال اور لائن آف کنٹرول پر تعینات فوجی اہلکاروں کی آپریشنل تیاری کا جائزہ لینے کے لئے جمعہ کی صبح یہاں پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ فوجی سربراہ نے بعد ازاں راجوری اور پونچھ اضلاع میں ایل او سی کے اگلے علاقوں کا دورہ کرکے پاکستان کی طرف سے جنگ بندی کی پے درپے خلاف ورزیوں کے تناظر میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حدِ متارکہ پر اگلی چوکیوں کا دورہ کیا جہاں انہیں جنگجو اور در اندازی مخا لف کارروائیوں بارے جانکاری دی گئی۔ محکمہ دفاع کے ایک ترجمان کے مطابق جنرل راﺅت نے شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ڈی انبو کے ہمراہ وہائٹ نائٹس کارپس پہنچے جہاں کارپس زون میں موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ وہائٹ کارپس کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل اے کے شرما نے بدلتی سیکورٹی صورتحال اور مخالف قوتوں کی طرف سے جاری کوششوں کو ناکام بنانے کے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی ۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل جنرل راوت نے جموں میں ایک سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ انہوں نے بتایا کہ فوجی سربراہ کے جموں دورے کا مقصد خطہ میں سیکورٹی کی صورتحال کے علاوہ ایل او سی پر تعینات فوجیوں کی آپریشنل تیاریاں کا جائزہ لینا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ جنرل راوت کو دورے کے دوران پاکستان کی طرف سے جنگ بندی کی حالیہ خلاف ورزیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ واضح رہے کہ ایل او سی پر رواں ماہ کے دوران گولہ باری کے تبادلہ کے نتیجے میں 9 فوجیوں سمیت 11 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ راجوری اور پونچھ اضلاع میں سرحدی کشیدگی کے دوران قریب 4 ہزار سرحدی رہائشی محفوظ مقامات پر قائم سرکاری کیمپوں میں منتقل ہوئے ہیں ۔