پاکستا نی بارڈر ایکشن ٹیم کا حملہ پونچھ حدِ متارکہ پر 2 فوجی ہلاک ایک ’بیٹ ‘ اہلکار بھی مارا گیا ، ساتھی لاش واپس لے گئے، کشمیر کے کیرن سیکٹر میں ایک در انداز مارا گیا : وزارت دفاع

پرتپال سنگھ
پونچھ // ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر جمعرات کو پاکستانی فوج کے باڈر ایکشن ٹیم (بیٹ) حملے میں2 جوان ہلاک ہوگئے جبکہ جوابی حملے میں ایک حملہ آورہلاک ہوگیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعرات بعد دوپہر 2بجے کے قریب پاکستانی فوج کے باڈر ایکشن ٹیم سے منسلک کم از کم 2مسلح اہلکاروں نے قریب 600 فٹ اندر داخل ہوکر فوج کی ایک گشتی پارٹی پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں2 فوجی جوان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ذرائع نے بتایا کہ فوجی جوانوں نے فوری جوابی فائرنگ کرکے ایک درانداز کو ہلاک کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے مابین گولہ باری کے تبادلے کے درمیان پاکستانی فوج کی چوکیوں سے بھی فائرنگ شروع ہوئی جس کے نتیجے میں بیٹ کا ایک اہلکار فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ مارے گئے اہلکاروں کی شناخت نائیک سندیپ جھادیو اور سپاہی ساون منی جب کہ زخمی اہلکار کی ریڈی سہیجان کے طور پر ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ بارڈر ایکشن ٹیم (BAT) کے بارے میں بتایا جا تا ہے کہ اس میں پاکستانی فوج کے خصوصی دستوں اور جنگجوﺅں پر مشتمل ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ایریا ڈومنیشن پیٹرول پر مسلح در اندازوں نے حملہ کیا جس کے بعد گولی باری کا تبادلہ ہوا ۔ اس دوران کھڑی کر ماڑہ علاقہ میں حدمتارکہ پر دونوں طرف کی افواج کے مابین گولہ باری کا زبر دست تبادلہ ہوا جس کے دوران جس کے زد میں چکاں دا باغ کا گاﺅں بھی آیا ۔ اگر چہ گاﺅں سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے تاہم لوگوں میں کافی خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ گولہ باری کا یہ تبادلہ دوپہر 12بجے شروع ہو ا جو ااخری اطلاعات ملنے تک رک رک کر جا ری تھا ۔ اس دوران دفاعی ایک ترجمان نے بتایا ’یہ پاکستان کی طرف سے پونچھ میں امسال ہونے والی تیسری بیٹ ایکشن تھی‘۔ فوج نے 26 مئی کو شمالی کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں پاکستانی باڈر ایکشن ٹیم کا حملہ ناکام بناتے ہوئے اس سے منسلک دو اہلکاروں کو ہلاک کیا تھا۔فوج نے بیٹ سے منسلک دو اہلکاروں کو ا±س وقت ہلاک کیا گیا جب وہ بھارتی فوج کی ایک گشتی پارٹی پر حملے کے ارادے سے بھارتی حدود میں داخل ہوگئے تھے۔دریں اثنا فوج نے شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں ایل او سی کے کیرن سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک جنگجو کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے بتایا ہے کہ کیرن سیکٹر پر تعینات مستعد فوجیوں نے پاکستان زیر قبضہ کشمیر سے سرحد کے اس پار داخل ہوتے ہوئے دیکھا۔انہوں نے بتایا کہ جب فوجیوں نے جنگجوو¿ں کو للکارا اور خودسپردگی اختیار کرنے کے لئے کہا تو انہوں نے ایسا کرنے کے بجائے خودکار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی جس میں ایک جنگجو کو ہلاک کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ جھڑپ کے مقام سے ایک اے کے 47 رائفل برآمد کی گئی ہے۔ راجیش کالیا نے مزید بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک کیرن سیکٹر میں تلاشی آپریشن جاری تھا۔