شری امر ناتھ جی یاترا 2017 گورنر نے انتظامات کا جائیزہ لیا

اڑان نیوز
سرینگر//گورنر این این ووہرا جو کہ شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے چئیر مین بھی ہیں ، نے کل یہاں راج بھون میں ریاستی انتظامیہ ، فوج ، نیم فوجی دستوں اور سراغ رساں اداروں کے اعلیٰ افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے شری امر ناتھ جی یاترا کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کے علاوہ 15 مئی 2017 کو ہوئی جائیزہ میٹنگ میں لئے گئے فیصلوں کی عمل آوری کا جائیزہ لیا ۔ گورنر نے متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ یاترا کے احسن انعقاد کیلئے قریبی تال میل بنائے رکھیں ۔ میٹنگ میں ریاست کی موجودہ سلامتی صورتحال اور یاترا کیلئے کئے گئے حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائیزہ لینے کے علاوہ تمام یاترا کیمپوں پر قایم کئے گئے مشترکہ کنٹرول رومز کی کارکردگی کا بھی جائیزہ لیا گیا ۔ گورنر نے ریاستی پولیس کے سربراہ کو لکھن پور چیک پوسٹ سے چندن واڑی اور بال تل تک ٹریفک نظام پر کڑی نگاہ رکھنے کی ہدایت دی تا کہ یاتریوں کے بلا خلل سفر کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے چیف سیکرٹری اور 15 ویں کور کے جی او سی سے کہا کہ وہ محکمہ تعمیراتِ عامہ کے ساتھ ساتھ بارڈر روڈ آرگنائیزیشن کو ہدایت دیں کہ وہ جموں سے سرینگر ، کھنہ بل سے پہلگام اور سرینگر سے بال تل کی سڑکوں کی ضروری مرمت یقینی بنائیں ۔ میٹنگ میں چیف سیکرٹری بی بی ویاس ، ریاستی پولیس کے سربراہ ، 15 ویں کور کے جی او سی ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ، شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ، پرنسپل سیکرٹری داخلہ ، سپیشل ڈی جی سی آر پی ایف ، وکٹر فورس کے جی او سی ، صوبائی کمشنر کشمیر ، آئی جی سی آر پی ایف کشمیر ، آئی جی سی آئی ڈی ، آئی جی بی ایس ایف کشمیر ، آئی جی سی آر پی ایف سرینگر ، ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر فورس سٹیشن سرینگر ، آئی جی پولیس کشمیر اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔