نوشہرہ سیکٹر میں کنٹرول لائن سے نقل مکانی کرنے والے گوناگوں مشکلات کا شکار ریلیف کیمپوں میں صرف سوکھے چاول اور دال د یتے ہیں بھیڑ بکریوں کی طرح ایک کمرہ میں سینکڑوں افراد، انتظامیہ کا کوئی شخص نظر نہیں آتا، ڈی سی راجوری سے وفد ملاقی

اڑان نیوز
راجوری//نوشہرہ سیکٹر میں حدمتارکہ سے نقل مکانی کر کے عارضی کیمپوں میں رہائش پذیر لوگوں کو سخت ترین مشکلات سے گذرنا پڑ رہاہے۔ بظاہر سرکار وانتظامیہ یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ ان عارضی کیمپوں میں مقیم لوگوں کو ہر قسم کی بنیادی سہولیات بہم پہنچائی جارہی ہیں لیکن عملی صورتحال بالکل مختلف ہے۔ لوگوں کو صرف دال اور چاول سوکھے دیئے گئے ہیں۔ تیل، مرچ، ہلدی، نمک اور کھانے پکانے کا کوئی انتظام نہیں۔ بدھ کے روز نوشہرہ سیکٹر میں متعدد مقامات پر قائم ریلیف کیمپوں کے مکینوں کا ایک وفد مشترکہ طور ضلع ترقیاتی کمشنرراجوری سے ان کے دفتر میں ملاقی ہوا جس نے انہیں د رپیش مشکلات ومسائل بارے تفصیل سے بتایا اور گذارش کی کہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے۔انہوں نے ڈی سی سے شکایت کی کہ صرف سوکھے چاول اور دال دیئے جارہے ہیں اور کچھ نہیں۔ ایک کمرہ میں سو سوافراد کو بھیڑ بکریوںکی طرح رکھاگیاہے۔ انتظامیہ کی طرف سے کوئی بھی پوچھنے وہاں نہیں آتا۔وفد میں شامل مائیگرینٹوں نے واضح کیا کہ انہیں پختہ بنکرز نہیں چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سرکار نے وعدہ کیاتھاکہ محفوظ مقامات پر انہیں 5-5مرلے کے پلاٹ دیئے جائیں گے، اسی وعدہ کو پورا کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ نئی دہلی اور اسلامہ آباد میں بیٹھ کر کچھ لوگ جنگ کی بات کرتے ہیں لیکن سرحدوں پر رہنے والے کسی بھی صورت میں جنگ کے متمنی نہیں، ہمیں امن چاہئے ، تاکہ آرام وسکون کے ساتھ زندگی جی سکیں۔