شاہراہ پر پسیاں گر آنے سے گاڑیوں کی آمد و رفت کئی گھنٹے معطل

دانش محمد
بانہال// گزشتہ رات اور بدھ وار کی صبح رام بن اور بانہال کے علاقوں میں شروع ہوئی بار ش کے بعد جموں سرینگر شاہراہ پر پنٹھیال میں پسیاں گر آئیں جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت قریب 3گھنٹے تک معطل رہی ۔ذرائع نے بتایا کہ صبح 11بجے سے بعد دوپہر 2بجے تک آمد و رفت مکمل طور پر مسدود رہی تاہم بعد میں شاہراہ کی فور لیننگ پر مامور کمپنی ایچ سی سی نے اپنی مشینری اور افرادی قوت کو لگا کر پسیوں کو ہٹا دیا جس کے بعد شاہراہ کو بحال کر دیا گیا ۔ تاہم اس دوران دونوں طرف سے بھاری ٹریفک جام لگ گیا جس کو کھولنے کے لئے ٹریفک اور ضلع پولیس کو کچھ مزید وقت لگ گیا ۔ بعد دوپہر اودہم پور کے بلی نالا علاقہ میں اوپہر پہاڑی سے بڑے بڑے پتھر گر آئے جس کے باعث آمد و رفت ایک مرتبہ پھر رک گئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ کچھ پتھروں کو ہٹا کر گاڑیوں کو نکالا گیا جبکہ بڑے پتھروں کو ہٹانے کے لئے بلاسٹنگ کی مدد لی جا رہی ہے ۔بانہال میں تعینات ٹریفک پولیس کے ایک آفیسر نے بتایا کہ2 بجے کے بعد وادی سے جموں اور جموں سے وادی کی طرف جانے والے ٹریفک کو نکال دیا گیا ہے اور اب اس سیکٹر میں کوئی بھی گاڑی درماندہ نہیں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ شام دیر گئے تک شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت جاری تھی ۔