عبدالحق مرکزی دیہی ترقی کے وزیر سے ملے برف ہٹانے کے کام کو منریگا کے تحت لانے کی استدعا کی

اڑان نیوز
نئی دہلی//وزیر برائے دیہی ترقی عبدالحق نے کل مرکزی وزیر برائے دیہی ترقی نریندر سنگھ تومر سے ملے اور انہیں برف ہٹانے کے کام کو منریگا سکیم کے تحت لانے کی استدعا کی ۔ اس موقعہ پر سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی اور ریاستی و مرکز کے دیہی ترقی محکمہ کے افسران موجود تھے ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ریاستی حکومت نے پہلے ہی اس ضمن میں مرکزی حکومت کو تجویز بھیج دی ہے ۔ عبدالحق نے مرکزی وزیر کو مطلع کیا کہ دورانِ سرما سخت برفباری کے سبب دیہی علاقوں میں رہنے والے محنت کش بے روز گار ہوتے ہیں ۔ اس لئے اگر برف ہٹانے کے کام کو منریگا کے دائرے میں لایا جائے تو بے روز گاروں کو نہ صرف روز گار فراہم ہو گا بلکہ سڑکوں سے برف بھی فوری طور ہٹائی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹانے اور اُن کی تعمیر کا کام لازمی سرگرمیوں کے دائرے میں آتی ہیں اس لئے سڑک سے بڑف ہٹانے کے کام کو بھی سکیم کے دائرے میں لایا جا سکتا ہے تا کہ دیہی علاقے سکیم سے پوری طرح مستفید ہوسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ برف ہٹانے کی بھاری مشینیں جیسے سنو کٹرز مشکل سے ہی دیہی علاقوں تک پہنچ پاتی ہیں اس کے سبب دیہی علاقے شہری علاقوں سے کافی مدت تک کٹے رہتے ہیں ۔ وزیر نے کہا کہ برف ہٹانے کے کام کو منریگا کے دائرے میں لانے سے دیگر محکموں کا بوجھ بھی کم ہو گا اور سڑکیں بھی فوری طور صاف ہو سکتی ہیں اور سخت سردی کے ایام کے دوران دیہی علاقوں تک اشیائے ضروریہ کی بروقت ترسیل ممکن ہو گی ۔ مرکزی وزیر نے عبدالحق کو یقینی دلایا کہ مرکزی حکومت ریاستی حکومت کی اس درخواست پر غور کرے گی اور سرما کی آمد سے پہلے ہی اس سلسلے میں موثر اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ دونوں وزراءنے ریاست میں مرکزی معاونت والی سکیموں بشمول ایم جی نریگا ، پی ایم اے وائی اور جیو ٹیگنگ پر عملدرآمد سے متعلق مختلف معاملات پر غور و خوض کیا ۔ مرکزی وزیر نے ریاستی حکومت کو ان سکیموں کی موثر عمل آوری کیلئے سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ایم جی نریگا اور دیہی ترقی املاک کی جیو ٹیگنگ کی کامیاب عملدرآمد یقینی بنائی ہے ۔