تھنہ منڈی میں ڈپٹی کمشنر کا عوامی دربار تحصیل انتظامیہ کی طرف سے افطار پارٹی کا بھی اہتمام کیاگیا

نثار خان
تھنہ منڈی //ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے تھنہ منڈی میں عوامی دربارہ لگاکر عوامی مسائل سنے۔ اس دوران لوگوں نے موصوف کو اپنے اپنے مسائل بتانے کے بعد امیدظاہر کی کہ وہ مقامی ہونے کے ناطے ان کے مسائل ومشکلات کو حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لیں گے۔انہوں نے کہاکہ وہ مسائل سے بخوبی واقف ہیں، ان میںچاہے سڑک رابطے ہوں بجلی پانی ہو یا پھر ہسپتال ہو یا تعلیمی میدان ہو ان سے کوئی چیز ڈھکی چپھی نہیں ہے ۔تمام عوامی مسائل سننے کے بعد ڈی سی نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر عوامی مسائل حل کر رہے ہیں اور انشااللہ آنے والے چند ماہ کے اندر عوامی مسائیل کافی حد تک حل ہو جائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو مل کر تعلیمی میدان کی طرف دھیان دینا چاہئے تعلیم کے بغیر زندگی ادھوری ہے۔ عوامی دربارکے بعد شام کو موصوف کے اعزاز میں تحصیل انتظامیہ کی طرف سے افطار پارٹی کا اہتمام کیاگیاجس میں سول وپولیس انتظامیہ کے علاوہ بڑی تعدادمیں قصبہ و تحصیل کے تمام علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے سیاسی سماجی وغیر سیاسی لوگوں کے علاوہ پنچایتی نمائندگان نے بھی حصہ لیا۔