بھدرواہ کی تاریخی جامع مسجد کے سامنے غسل خانوں کی تعمیر میونسپل کمیٹی وانتظامیہ کے اقدام پر عوام خفا، انجمن اسلامیہ سے مداخلت کی اپیل

 

اڑان نیوز
ڈوڈہ // بھدرواہ کی تاریخی جامع مسجد کے سامنے دریا پر ایک ماہ قبل میونسپل کمیٹی نے مقامی انتظامیہ سے مل کر ایک غسل خانہ تعمیر کیا ہے جس کی وجہ سے مسجد کی خوبصورتی پر کافی فرق پڑ رہا ہے ۔ مقامی لوگوں میں ا س کے خلاف کافی غم و غصہ پایا جاتا ہے اور مانگ کی جا رہی ہے کہ غسل خانہ کو جلد از جلد مسجد کے سامنے والے دریا سے ہٹایا جائے ۔بھدرواہ کے معزز شہری ریاض احمد نجار اور شاہد ملک نے اڑان کو بتایا کہ مقامی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی نے لوگوںکو اعتماد میں لئے بغیر ہی دریا کے اوپر غسل خانہ تعمیر کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھدرواہ کے لوگوں کا خواب ہے کہ جامع مسجد کی توسیع کی جائے اور انجمن اسلامیہ بھدرواہ نے بھی مسجد کی توسیع کرنے کے لئے قدم اٹھایا ہے اور مسجد کے سامنے جو دریا ہے اس پر سلیب ڈالنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ مسجد میں مزید توسیع ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دریا پر محکمہ دیہی ترقی نے بنا ءعوام کی اجازت کے غسل خانے تعمیر کئے تھے لیکن اب میونسپل کمیٹی اور مقامی انتظامیہ نے ان غسل خانوں کے اوپر نئے غسل خانے تعمیر کئے ہیں ۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ ان غسل خانوں کو فی الفور ہٹاےا جائے ۔ریاض نجار اور شاہد ملک نے کہا کہ انہوں نے اس سلسلہ میں انجمن اسلامیہ بھدرواہ کے صدر سے بھی ایک شکائت کی ہے اور ان کو یقین ہے کہ وہ بھی اس کا نوٹس لیں گے ۔انہوں نے انجمن اسلامیہ بھدرواہ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا جس کے تحت مسجد کی توسیع کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے اور امید ظاہر کی کہ بھدرواہ کے لوگ انجمن اسلامیہ کا ساتھ دیں گے اور امداد کریں گے ۔