اننت ناگ میں جنگجو مخالف آپریشن جاری گاﺅں میں کئی جنگجو موجود، خصوصی کمانڈوز طلب کئے گئے ہیں :دفاعی ذرائع

جے کے این ایس
سرینگر//عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس وفورسز نے جموں سرینگر شاہراہ پر میر بازار اننت ناگ کے نزدیکی گاﺅں میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پولیس وفورسز نے گھر گھر تلاشی کارروائی کے دوران مکینوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے ۔ دفاعی ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ جنگجو مخالف آپریشن جاری ہے ۔ دریں اثنا پلوامہ میں بھی کئی مقامات پر فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کیا ۔ ذرائع کے مطابق پولیس وفورسز کی بھاری جمعیت نے کہری ون اور میر بازار گاﺅں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے اس دوران کسی کو گھروں سے باہر آنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ ذرائع نے بتایاکہ پولیس وفورسز نے رہائشی مکانات میں گھس کر مکینوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جبکہ کئی افراد سے پوچھ تاچھ بھی کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ فورسز کو خفیہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی ہے کہ گاﺅں میں کئی جنگجوں چھپے بیٹھے ہیں۔ دفاعی ذرائع نے میر بازار اننت ناگ میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ میر بازار اننت ناگ میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ میر بازار اننت ناگ اور اُس کے آس پاس علاقوں کو پوری طرح سے سیل کرکے جگہ جگہ پولیس وفورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک میر بازار اننت ناگ میں تلاشی آپریشن جاری تھا اس دوران عسکریت پسندوں اور فورسز کے درمیان آمناسامنا ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ دریں اثنا پلوامہ کے کئی دیہی علاقوں میں بھی فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران لوگوں اور راہگیروں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے گئے ۔ واضح رہے کہ ایس ایچ او اور اُس کے پانچ ساتھیوں کی ہلاکت کے بعد جنوبی کشمیر میں جنگجوﺅں کے خلاف بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔