پرنب اور مودی کے خطاب سے ہوگا جی ایس ٹی کا آ غاز 70 سال بعد رات 12 بجے پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں تقریب

یو این آئی
نئی دہلی// تاریخی اشیاءو خدمات ٹیکس(جی ایس ٹی) کا آغازکرنے کے لئے منعقدہ تقریب سے صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی اور وزیر اعظم نریندر مودی خطاب کریں گے۔ جی ایس ٹی یکم جولائی سے لاگو کیا جا رہا ہے۔ وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے منگل وار کو یہاں بتایا کہ پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں 30 جون کی نصف شب کو تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس میںصدر جمہوریہ پرنب مکھرجی اور نریندرمودی کے علاوہ نائب صدر محمد حامد انصاری اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور ایچ ڈی دیوگوڑا بھی حصہ لیں گے۔ صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم اس تقریب سے خطاب کریں گے۔ جیٹلی نے کہا کہ تمام ریاستوں کے وزرائے اعلی، جی ایس ٹی کونسل اور با اختیار کمیٹی کے ارکان اور تمام ممبران پارلیمنٹ کو مدعو کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ جی ایس ٹی کونسل اور جی ایس ٹی کو عملی شکل دینے میں تعاون کرنے والے تمام لوگوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کیرالہ اور جموں و کشمیر کے علاوہ تمام ریاستوں نے جی ایس ٹی سے متعلق(ریاستی جی ایس ٹی) بل کومنظوری دے دی ہے۔ کیرالہ اسمبلی کی طرف سے اسی ہفتے اس کے پاس کئے جانے کی توقع ہے۔