ویری کا جموں کشمیر میں بجلی کے ترسیلی نظام کی توسیع پر زور

سرینگر//وزیر برائے مال ، امداد و باز آباد کاری و تعمیر نو عبدالرحمان ویری نے کل ریاست میں بجلی کے ترسیلی نظام کی توسیع کی ضرورت پر زور دیا ۔ وزیر آج ضلع اننت ناگ میں محکمہ بجلی کی مختلف سکیموں کا جائیزہ لینے کیلئے طلب کی گئی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے ۔ میٹنگ میں ڈیولپمنٹ کمشنر پاور ، چیف انجینئر پی ڈی ڈی (ایم اینڈ آر ای )، سیکرٹری ٹیکنیکل محکمہ بجلی اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔ بیج بہاڑہ علاقے میں بجلی کی ترسیل میں رکاوٹ پر قابو پانے کیلئے وزیر نے رسیونگ سٹیشن کھرم میں ایک نیا 10 ایم وی اے ٹرانسفارمر نصب کرنے کی ہدایت دی ۔ وزیر نے محکمہ بجلی کے ملازمین کا ضروری آلات سے لیس ایک ٹاسک فورس قایم کرنے کی ہدایت دی تا کہ جنوبی کشمیر میں بجلی کی ترسیل و تقسیم کاری سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے ایک ہیلپ لائین کے قیام کیلئے بھی کہا جس پر لوگ اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں ۔ انہوں نے افسروں کو شبِ قدر ، جمعتالوداع اور عید الفطر کے مبارک موقعوں پر بجلی کی بلا رکاوٹ ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے کہا ۔ انہوں نے افسران کو فیلڈ عملے کو اپنے علاقوں میں لگاتار ٹرانسفارمروں کی حالت کا جائیزہ لیتے رہنے کی ہدایت دی ۔ وزیر نے افسروں کو بجلی شعبے میں متعارف کی گئی نئی سکیموں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے بھی کہا ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو اپنے علاقوں میں بجلی کی بہتر تقسیم و ترسیل کیلئے کوشاں رہنے کی ہدایت دی ۔