کشمیر میں امن وامان کی برقراری کیلئے ریاستی حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی: کرن رجیجو

نیوز ڈیسک
جموں // مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ کرن رجیجو نے کہا کہ ملک کی سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں امن برقرار رکھنے اور معمول کے حالات بحال کرنے کے لئے مرکزی سرکار ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ مسٹر رجیجو نے اتوار کو یہاں ایس ایس بی کے زیر اہتمام کھیلے گئے فٹ بال ٹورنامنٹ ’اورجا‘ کے فائنل مقابلے کے حاشئے پر نامہ نگاروں کو بتایا ’وادی میں امن وامان کی برقراری کے لئے ریاستی حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی‘۔ انہوں نے کہا ’کوئی بھی حکمت عملی ریاست کی عوامی منتخب حکومت کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی وضع کی جائے گی‘۔ انہوں نے کہا ’ریاستی حکومت صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اسے مرکز کی طرف سے ہر قسم کی ضرورت مدد فراہم کی جائے گی‘۔ وادی میں جنگجویانہ حملوں میں آنے والی تیزی پر پوچھے جانے پر مرکزی وزیر نے کہا ’ایسی کاروائیوں سے جموں وکشمیر کے عوام کو جھکایا نہیں جاسکتا ہے‘۔ انہوں نے ضلع اننت ناگ کے اچھہ بل میں جنگجوو¿ں کے گھات حملے میں چھ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ’کوئی بھی سمجھدار انسان اس طرح کے وحشیانہ فعل کی مذمت کرے گا‘۔ 29 جون سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں مسٹر رجیجو نے کہا ’ امرناتھ یاترا کے لئے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔ سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا‘۔ چیمپئنزٹرافی کے فائنل مقابلے کے بارے میں پوچھے جانے پر مرکزی وزیر نے کہا ’چاہے کھیل کوئی بھی، میں اپنے ملک بھارت کا سپورٹ کرتا ہوں‘۔