راجوری میں ناجائز تجاوزات مخالف مہم،2.3کنال اراضی بازیاب عدم تعاون کیلئے خلاف ورزی انسپکٹر معطل،40ہزار روپے رشوت لینے کا الزام

اڑان نیوز
راجوری//غیر قانونی ڈھانچوں کی تعمیر کو ہٹانے کے لئے ہفتہ کی شب مال اور پولیس افسران کی مشترکہ ٹیم نے ایک مہم چلائی ۔ اس کے تحت 5ڈھانچے جن میں 3رہائشی ڈھانچے شامل تھے، کو منہدم کیا اور 2.3کنال اراضی کو بازیا ب کرایاگیا۔ تحصیلدار راجوری سلام دین اور ایس ایچ او سدھانچو ورما کی قیادت میں30اہلکاران پر مشتمل ٹیم نے قابضین کی طرف سے سخت مزاحمت کے باوجود 5غیر قانونی ڈھانچوں کو منہدم کیا۔ ذرائع کے مطابق شام7بجے تحصیلدار راجوری سے ڈی سی راجوری کو اطلاع ملی جنہیں بتایاگیاکہ خلاف ورزی انسپکٹر اور پٹواری کو موقع پر جانے کے لئے کہاگیاہے اور اطلاعات ہیں کہ خلاف ورزی انسپکٹر نے تعمیرات کو روکا ہے۔ 10:30بجے ڈی سی نے موقع کا معائنہ کیاتو پایاکہ تعمیرات کا کام زوروں پر ہے۔اس کے بعد تحصیلدار اور ایس ایچ انے انہدامی مہم چلائی۔ میونسپل کمیٹی راجوری کا ایگزیکٹیو افسر کا کوئی اتہ پتہ نہ چلا جبکہ خلاف ورزی انسپکٹر متعددفون کال کے بعد ایک گھنٹہ تاخیر سے وہاں پہنچا۔ انہدام کے دوران قابضین نے الزام عائد کیاکہ خلاف ورزی انسپکٹر نے 40ہزار روپے رشوت لیکر انہیں تعمیر کی اجازت دی تھی۔ ناجائز قبضہ کو روکنے اور ڈھانچوں کو ہٹانے میں عدم تعاون اور عوامی شکایت کے بعد خلاف ورزی انسپکٹر محمد فاروق کو معطل کر دیاگیاہے اور انہیں ڈی سی دفتر کے ساتھ اٹیچ کیاگیاہے۔دریں اثناءمیونسپل کمیٹی راجوری کے ایگزیکٹیو افسرکو بھی وجہ بتاو¿ نوٹس جاری کیاگیاہے۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈولپمنٹ کمشنر اے ایس چب معاملہ کی انکوائری کریں گے۔ حکام کے مطابق اس اہم راضی کی قیمت قریب1کروڑ روپے سپرد نامہ پر رکھی گئی ہے اور اس کی تاربند کی گئی۔ انتظامیہ کی یہی مہم 1:30بجے صبح اختتام پذیر ہوئی۔