نجی کمپنیوں کی بے دریغ کھدائی …. راجوری تاتھنہ منڈی سڑک کی حالت خستہ

نثار خان
تھنہ منڈی//راجوری سے تھنہ منڈی سڑک کی حالت پہلے سے ہی خستہ حال ہے جسے کیبل بچھانے والی نجی کمپنیوں نے کھدائی کر کے مزید تباہ کر دیا ہے۔کیبل کمپنیوں کی طرف سے سڑک کنارے کھدائی کرنے کے بعد ملبہ بیچ سڑک میں ڈال دیا جاتا ہے جسکی وجہ سے یہ روڈ آئے دن تنگ ہوتی جا رہی ہے۔تھنہ منڈی سے راجوری تک کئی مقامات پر سڑک کی کھدائی کی گئی ہے جہاں سے گاڑیوں کا گذرنا بھی مشکل بن رہا ہے ان دنوں جیﺅ کمپنی کی طرف سے شاہدرہ سڑک پر کھدائی کا کام چل رہا ہے اور سڑک کو اس قدر تباہ کر دیا گیا ہے کہ کالج و دیگر سکولوں کہ طلبہ کو پیدل چلنے کا راستہ بھی نہیں مل پا رہا ہے ساتھ ہی شاہدرہ شریف زیارت پر جانے والے ذائیرین کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہا ہے۔اس بارے میں متعدد لوگوں نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کو تباہ کیا جا رہا ہے لیکن حکام نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ راجوری سے دیرہ گلی تک پہلے ہی سڑک کی خستہ حالت تھی جسکی مرمت کرنا ضروری تھا اس پر نجی کمپنیوں نے تباہی مچا رکھی ہے ۔عوام تھنہ منڈی نے حکومت و ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ گریف اور پی ڈبلیو ڈی کو ہدائیت بخشیں تاکہ عوامی مشکلات کا ازالہ ہو سکے اس بارے جب سڑک پر کھدائی کر رہی نجی کمپنی جیﺅ کے ایک آفیسر سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ وہ اس کھدائی کا محکمہ گریف اور پی۔ڈبلیو۔ڈی کو با ضابطہ طور پیسہ دے کر اجازت لینے کے بعد ہی کھدائی کا کام شروع کرتے ہیں۔