ڈوڈہ پولیس کا ایثار غریب اور مستحق لوگوں میں پہننے کے کپڑے تقسیم کئے

اڑان نیوز
ڈوڈہ//ڈوڈہ پولیس نے ڈوڈہ کے بھرت علاقہ میں غریب اور مستحق لوگوں میں پہننے کے کپڑے تقسیم کئے۔پولیس کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر نے ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرس ڈوڈہ افتخار احمد کے ہمراہ بھرت اور بگلہ کا دورہ کیا اور وہاںگوجر طبقہ سے تعلق رکھنے والے 150غریب اور مستحق لوگوں جن میں مرد خواتین اور بچے سبھی شامل ہیں میں ریڈی میڈ پہننے کے کپڑے تقسیم کئے۔پریس ریلیز کے مطابق یہ اقدام ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں وکشمیر ایس پی وید کی ہدایات پر اُٹھایا گیا ہے جس کا مقصد غریب اور ضرورت مند لوگوں کی مدد کرنا ہے۔اس موقع پر ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر نے کہا کہ پولیس کا بنیادی مقصد ہر لحاظ سے عوام الناس کی مدد کرنا اور اُنہیں تحفظ فراہم کرنا ہے تاکہ لوگ پر سکون زندگی گذار سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر پولیس غریب اور ضرورت مند لوگوں کی ہر ممکن مدد کرنے کے لئے ہمیشہ تیار ہے۔اُنہوں نے موجود نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ دے کر اپنے مستقبل کو بہتر بنائیں کہ وہ خود ملک و قوم کا مستقبل ہیں۔اُنہوں نے لوگوں کی ہدایت کی کہ وہ غیر قانونی جنگلات کے کٹاﺅ،غیر قانونی شراب اور مویشیوں کی سمگلنگ جیسی سرگرمیوں سے دور رہیں اور علاقہ میں امن ا مان کی فضا بنائے رکھنے میں پولیس کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میںضلع ڈوڈہ کے تھنالہ،چرالا ،دیسہ اور دیگر علاقوں میں بھی اسی طرح ضرورت مندوں میں پہننے کے کپڑے اور بیگ تقسیم کئے جائیں گے۔لوگوں نے پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے اور عوامی سطح پر پولیس کے اس اقدام کی سراہنا کی جا رہی ہے۔