مہور میں محکمہ امور صارفین میں بڑے پیمانہ پر خرد برد کا انکشاف ٹی ایس او گرفتار ،2ڈیلروں کے لائسینس معطل بٹھوئی علاقہ کے لوگوںکو 4ماہ سے کوٹہ نہ ملا ، افسران کی ٹیم کی انکوائری کے دوران ڈیلر کے گودام سے راشن بر آمد

اڑان نیوز
جموں // ضلع ریاسی کی سب ڈویژن مہور میں محکمہ خوراک ، سول سپلائز اور امور صارفین کا راشن خرد برد کرنے اور راشن کارڈ ہولڈروں کو 4ماہ سے سرکاری راشن سے محروم رکھنے کے سیکنڈل کا انکشاف ہوا ہے ۔اس سلسلہ میں پولیس نے ایک کیس درج کر کے ٹی ایس او مہور محمد یعقوب کو حراست میں لے لیا ہے جب کہ بٹھوئی گاﺅں کے دو ڈیلروں محمد یوسف و جمال دین کے لائسینس معطل کر دئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز سب ڈویژنل ہیڈ کوارٹر سے 25کلو میٹر دور گاﺅں بٹھوئی کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے مہور پہنچ کر محکمہ اور انتظامیہ کے خلاف زبر دست احتجاج کیا تھا ۔ ان کا الزام تھا کہ انہیں پچھلے 4ماہ سے راشن نہیں دیا جا رہا ہے نیز یہ کہ سرکاری سپلائی کی مقامی ڈیلر کا لا بازاری کر تے ہیں ۔ لوگوں کی شکایات کا موقع پر جائزہ لینے کے لئے تحصیلدار مہور منشی رام ، ایس ڈی پی او مجیب الرحمان ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ خوراک ، سول سپلائز اور امور صارفین ریاسی و ایس ایچ او مہور بٹھوئی میں پہنچے جہاں لوگوں نے ایک بار پھر اپنے الزامات دوہرائے ۔ انہوں نے ان افسران کے سامنے کہا کہ انہیں گزشتہ 4ماہ سے راشن کا کوٹہ نہیں دیا جا رہا ہے حالانکہ کچھ با رسوخ لوگوں کو
با ضابطہ ہر مہینے ان کے کوٹے کا راشن مل رہا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ اس سے پہلے بھی ان سے سرکاری راشن مقررہ نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر دیا جا تا رہا یہاں تک کہ بی اپی ایل ور انتودیہ کارڈ ہولڈروں سے بھی 25روپے فی کلو دام وصول کئے گئے ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مٹی کا تیل نہیں 150روپے میں 5لیٹر دیا جا تا رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق جب ان افسران نے مقامی ڈیلروں سے پرسش کی تو ان کا کہنا تھا کہ پچھلے 2ماہ سے انہیں سپلائی نہیں ملی ہے ۔ اس پر لوگوں نے افسران سے کہا کہ وہ ڈیلروں کے گودام چیک کریں ۔ ذرائع نے بتایا کہ جب محمد یوسف نامی ایک ڈیلر کا گودم کھولا گیا تو اس میں گندم کے 141 اور آٹے کے بیگ بر آمد ہو ئے ۔ تحصیلدار مہور نے گندم کے یہ بیگ ضبط کرنے اور ڈیلر وں و متعلقہ ٹی ایس او کے خلاف کارروائی کرنے کے احکامات صادر کر دئے ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں تھانہ مہور میں ایک ابتدائی اطلاعی رپورٹ نمبر 37/017مورخہ 17جون 2017زیر دفعات 407,120B آر پی سی کے تحت کیس درج کر کے ٹی ایس او گرفتار کر لیا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ خوراک ، عوامی رسدات و امور صارفین ریاسی غلام رسول لون سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ بدوران انکوائری پایا گیا کہ لوگوں کو 4ماہ سے راشن نہیں دیا گیا جبکہ دیگر الزامات بھی درست نکلے ۔ا نہوں کہا کہ ایک ڈیلر محمد یوسف کے گودام سے گندم اور آٹے کے جو بیگ بر آمد ہو ئے ، وہ بھی ٹی ایس او نے بنا ریکارڈ میں درج کرنے اور ان کی رقم جمع کرنے کے بھیجے تھے جس سے اس کی فرائض سے غفلت واضح ہو تی ہے ۔ انہوں کہا کہ دونوں ڈیلروں کے لائسینس معطل کر دئے گئے ہیں اور انکوائری شروع کر دی گئی ہے ۔ ایس ڈی پی او مہور مجیب الرحمان نے تصدیق کی کہ تحصیل سپلائی آفیسر مہور محمدیعقوب کو گرفتار لیا گیا ہے ۔ انہوںبتایا کہ لوگوں نے جو الزامات لگائے وہ سبھی درست تھے اور انہیں پچھلے 4ماہ سے راشن نہیں ملا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس تھانہ ر میں کیس درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔