بانہال میںمحکمہ زراعت کا سیڈ فار م عدم توجہی کا شکار 80 کنال اراضی بیکار ، فارم منیجر سال میں کبھی کبھار ہی اس کا رخ کرتے ہیں،عوام محکمہ کی لاپرواہی سے بیزار

دانش محمد
بانہال// ایک دہائی قبل تک بانہال قصبہ سے چند کلو میٹر دور ٹٹھار گاﺅں میں شاہراہ کے کنارے واقع محکمہ زراعت کا سیڈ ملٹی پکیشن فارم قسم قسم کے بیچ تیار کرنے کے لئے ریاست بھر میں مشہور تھا اور صوبہ جموں کے اس قسم کے بڑے فارموں میں سے ایک گنا جا تا تھا ۔ اس میں مختلف سبزیوں کے بیج تیار کر کے سیڈ سٹور جموں بھیجے جاتے تھے جہاں سے یہ ریاست بھر میں کسانوں میں تقسیم کئے جاتے تھے ۔ لیکن 104کنال اراضی پر مشتمل فارم میں سے قریب 25کنال پر دھان کی کھیتی ہو رہی ہے جبکہ باقی ماندہ محکمہ کے افسران و ملازمین کی عدمِ دلچسپی کے باعث بیکار پڑی ہو ئی ہے ۔ذرائع کے مطابق 10سال قبل تک محکمہ زراعت اس فارم میں ٹماٹر ، بیگن ، کڑم ، مٹر ، گاجر ،راجماش ، کدو ،کھیرا ، پالک و دیگر اقسام کی سبزیوں کے بیج تیار کرتا تھا اور اُس وقت یہاں تعینات ملازمین بھی کافی محنت کرتے تھے لیکن اب یہ برائے نام سیڈ فارم رہ گیا ہے ۔ ذ رائع کے مطابق یہاں پر تعینات فارم منیجر جموں میں بیٹھ کر تنخوا ہ حاصل کر رہا ہے اور شاذ و نادر ہی یہاں کا رخ کرتے ہیں ۔ محکمہ زراعت کی ایگرونامسٹ (AGRONOMAST) ونگ کی سبزیوں میں بہتری لانے یعنی ویجی ٹیبل ایمپرومنٹ سکیم تالاب تلو جموں سے منسلک یہ سیڈ فارم محکمہ کے افسران کی عدم دلچسبی کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر آپہنچا ہے ۔ فارم کی 80کنال اراضی اب گھاس کے میدان میں تبدیل ہو گئی ہے اور ذرائع کے مطابق اس کے ایک طرف کوئی دیوار یا تار بندی ہونے کی وجہ سے کچھ لوگوں نے نا جائز تجاوزات بھی شروع کر دئے ہیں ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حالانکہ اب روایتی ہل جوتنے کی بجائے محکمہ کے پاس چھوٹی مشینیں بھی دستیاب ہیںلیکن اس کے باوجود سیڈ فارم کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ جہاں پہلے اس فارم میں 7مالی تعینات ہوا کرتے تھے ، اب محض 2ڈیلی ویجروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جو گذشتہ 25 سال سے 150 روپے یومیہ اُجرت پر کام کرتے چلے آ رہے ہیں ۔ ان ڈیلی ویجروں کی بھی اپنی شکایات اور مشکلات ہیں اور ان کا کہنا یہ ہے کہ اتنا طویل عرصہ گزرنے کے بعد بھی انہیں مستقل نہیں کیا گیا ہے ۔ یہاں پر تعینات فارم منیجر کے ساتھ فون پر رابطہ کر نے کی کو ششیں بارآور ثابت نہ ہو سکی ۔