پرائمری سکول سنگلی کوٹ چسانہ میں طلبا ایک کمرے پر گزارار چلا رہے ہیں دو کمروں کو 2014میں نقصان پہنچا تھا ، آج تک محکمہ تعلیم نے مرمت نہ کرائی

ریاض احمد
چسانہ // تحصیل صدر مقام سے 6کلو میٹر دوری پر واقع گاﺅں سنگلی کوٹ ، موڑہ فالس نار میں سرکاری پرائمری سکول میں زیر تعلیم طلبا ایک کمرے میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ والدین اب اس حد تک عاجز آچکے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو یہاں سے نکال کر کسی دوسرے سکول میں داخل کر نے کے بارے میں سوچ رہے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس سکول کے کمروں کو 2014میں نقصان پہنچا تھا جس سے متعلق انہوں نے زونل ایجوکیشن آفیسر کے دفتر میں 5ستمبر 2014کو ایک درخواست بھی پیش کی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ اب تین سال سے زیادہ کا عرصہ ہو رہا ہے لیکن ابھی تک سکول کے کمروں کی تعمیر نو نہیں ہو ئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں خدشہ رہتا ہے کہ غیر محفوظ کمروں کی وجہ سے ان کے بچوں کو نقصان نہ پہنچے ۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ سوچ رہے ہیں کہ بچوں کو یہاں سے نکال کر کسی دوسرے سکول میں داخل کرائیں گے ۔سکول میں تعینات ٹیچر عبدالرشید نے بتایا کہ سکول کی بلڈنگ کی ابتدا میں ہی مرمت نہ ہونے کی وجہ سے اس کا اگلا حصہ گر چکا ہے جس کے باعث 3میں سے 2کمرے بند پڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مجبوراً تمام بچوں کو ایک ہی کمرے میں بٹھا کر گزارا چلایا جا رہا ہے ۔