تھنہ منڈی بازار میں نکاسی کاناقص نظام ،بارش سے دکانداروں کا بھاری نقصان متاثرہ دکانداروں اور مکینوں کا میونسپلٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

نثار خان
تھنہ منڈی //میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی میں ایک گھنٹے کی بارش سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ بازار میں نالیاں بند ہو گئیں ۔گندہ پانی دکانوں اور لوگوں کے گھروں میں گھس گیا ۔اس پر لوگوں نے غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے میونسپلٹی کے خلاف احتجاج کیا۔انہوں نے میونسپل کمیٹی عملہ کے خلاف جم کر نعرہ بازی کی۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ روز تھنہ منڈی میں ہوئی ایک ہی بارش نے میونسپل کمیٹی کی پول کھول دی جسکی وجہ سے دوکانداروں کا بھاری نقصان ہوا ہے ۔بارش کا سارا پانی انکی دکانوں میں چلا گیا ۔اس سے قبل بھی کئی بار ایسا ہی ہوا جسکی شکایت میونسپل کمیٹی اور تحصیل انتظامیہ سے کی گئی مگر کوئی کارروائی نہ ہوئی اور نقصانات کا یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔انہوں نے الزام لگایاکہ میونسپل کمیٹی میں نالیوں کی مرمت کے نام پر سالانہ لاکھو ں روپے ہڑپ کر لیا جاتا ہے مگر زمینی سطح پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا جاتا ۔احتجاج کر رہے لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کی کہ اس طرف فوری توجہ دیکر ان کو ہونے والے باربار کے نقصان سے بچایاجائے۔انہوں نے انتظامیہ سے کہا ہے کہ میونسپل کمیٹی و PMGSY کے افسران کو ہدایات دی جائیں کہ وہ پانی کی نکاسی کے لئے خاطر خواہ انتظام کریں تاکہ غریب دکانداروں کا نقصان نہ ہو۔اس دوران نائیب تحصیلدار فاروق راتھر چوہدری قاسم،خلیل خان دیگر میونسپل ملازمین موقع پر پہنچے اور احتجاج کر رہے لوگوں کو سمجھا کر ٹریفک آمدورفت بحال کی۔ اس بارے میں ایگزیکٹیو آفیسر میونسپل کمیٹی کبیر ملک کا کہنا ہے ”بازار کے کنارے سے جو نالی ہے اسکا کام ایک مقامی ٹھیکیدار کو دیا ہوا ہے کسی ذاتی مجبوری سے وہ نہیں کر سکے چند روز میں ہی کام شروع کر دیا جائے گا“۔ انہوں نے مزید بتایاکہ بازار میں زیادہ پانی پی ایم جی ایس وائی کی جو 10 کلو میٹر سڑک تھنہ منڈی سے ڈھوک بنی ہے ، اس وجہ سے نقصان ہوتا ہے جس کے لئے ایگزیکٹیو پی ایم جی ایس وائی سے رابطہ کیا گیا ہے وہ سڑک کا پانی بند کریں گے جس سے دکانداروں کی پریشانی ختم ہو جائے گی۔