اسرار آباد سدھڑا میں جے ڈی اے کی انہدامی کارروائی متاثرہ کنبوں کا صوبائی کمشنر دفتر کے باہر دھرنا، انصاف کی اپیل

اڑان نیوز
جموں//اسرار آباد سدھڑا جموں میں جموں ڈولپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے رہائشی مکانات ودیگر ڈھانچوں کو منہدم کرنے کی کارروائی کے خلاف متاثرہ کنبوں نے صوبائی کمشنر دفتر جموں کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاج میں شامل خواتین وبزرگوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ بھی اٹھارکھے تھے۔ انہوں نے سرکار اور جے ڈی اے کے خلاف زور دار نعرہ بازی کی۔ انہوں نے کہاکہ 13جون2017کو اسرار آباد سدھڑا میں بے رحمی کے ساتھ جموں ڈولپمنٹ اتھارٹی نے رہائشی مکانات کو نہ صرف منہدم کیابلکہ خواتین اور بزرگوں کی مارپیٹ اور گالی گلوچ بھی کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ جہاں جہاں مسلم طبقہ کے لوگ آباد ہیں ، انہیں جان بوجھ کر پریشان کیاجارہاہے۔جہاں پر جے ڈی اے نے انہدامی کارروائی کی ہے وہ خالصہ سرکار تھی جس کے لوگوں کو روشنی ایکٹ کے تحت مالکانہ حقوق تفویض کئے گئے ہیں۔ ماہ رمضان میں بغیر کوئی پیشگی نوٹس یا اطلاع دیئے JDAٹیم نے اچانک انہدامی کارروائی کی اور کئی مکانات، دکانوں کو منہدم کیا۔ مظاہرین نے ریاستی سرکار سے اپیل کی کہ ان کے ساتھ انصاف کیاجائے۔اگر فوری کوئی کارروائی نہ ہوئی تووہ اہل وعیال سمیت تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھ جائیں گے۔ احتجاج کی قیادت چوہدری نزاکت کٹھانہ کر رہے جس میں چوہدری فرید احمد،ممتاز چوہدری، چوہدری سجاد، چوہدری شمس الدین اور چوہدری جماعت علی وغیرہ بھی شامل تھے۔