صدارتی انتخابات کی کارروائی شروع مرکزی الیکشن کمیشن نے نوٹی فکیشن جا ری کر دیا 6امیدواروں نے کاغذات ِ نامزدگی بھی داخل کر دئے

یو این آئی+اڑان نیوز
نئی دہلی+سرینگر //صدارتی انتخابات کے لئے آج الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کر دی اور اس کے ساتھ ہی انتخابات کا عمل باضابطہ طور پر شروع ہو گیا۔صدر کے انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر الیکشن افسر اور لوک سبھا کے سکریٹری جنرل انوپ مشرا کی جانب سے امیدواروں کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے لئے عوامی نوٹس بھی جاری کر دی گئی۔موجودہ صدر کی مدت 24 جولائی کو ختم ہو رہی ہے اور یہ صدر کے لیے پندرہویں انتخابات ہوں گے ۔ صدارتی انتخاب 17 جولائی کو ہوگا۔امیدوار یا ان کے لئے تجویز پیش کرنے والے پارلیمنٹ ہا¶س میں لوک سبھا سکریٹریٹ میں کمرہ نمبر 18 میں کاغذات نامزدگی اسسٹنٹ الیکشن افسر رویندر گیر¸ میلا (جوائنٹ سکریٹری، لوک سبھا سکریٹریٹ) اور ونے کمار موہن (ڈائریکٹر لوک سبھا سکریٹریٹ) کے سامنے 28 جون تک عام تعطیل کے سوا کسی بھی دن صبح 11 سے شام تین بجے کے درمیان داخل کر سکتے ہیں۔ نامزدگی کاغذات کی جانچ 29 جون کو ہوگی۔ہر کاغذات نامزدگی کے ساتھ امیدوار کو ووٹر لسٹ میں درج اپنے نام کے مستند کاپی بھی پیش کرنی ہوگی اور پندرہ ہزار روپے ضمانت کی رقم جمع کرنی ہوگی۔ اگر یہ رقم پہلے ہی ریزرو بینک آف انڈیا یا سرکاری فنڈ میں جمع کر دی گئی ہو تو کاغذات نامزدگی داخل کرتے وقت اس کا ایک سرٹیفکیٹ بھی الیکشن افسر کے سامنے پیش کرنا ہوگا۔ کاغذات نامزدگی کمرہ نمبر 18 سے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ کوئی امیدوار اگر اپنا نام واپس لینا چاہتا ہے تو اسے خود یا اس کے لئے تجویز پیش کرنے والے کو تحریری طور پر اس کی اطلاع یکم جولائی شام تین بجے سے قبل دینی ہوگی۔ پولنگ 17 جولائی کو صبح 10 سے شام پانچ بجے کے درمیان ہوگی ۔اس دوران بدھوار کو 6امیدواروں نے اپنے کاغذات ِ نامزدگی داخل کر دئے ۔تاہم الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق ہ سبھی مسترد ہو سکتے ہیں کیونکہ ان کے ساتھ لازمی 100رائے دہندگان کی حمایت کے دستخط نہیں ہیں ۔ جن امیدواروں نے کاغذات داخل کئے ان میں تمل ناڈو سے کے پدم راجن ، مدھیہ پردیش سے آنند سنگھ کوشواہا ، تلنگانہ سے اے بالا راجہ ، ممبئی سے سائرہ بانو محمد پٹیل اور ان کے خاوند محمد پٹیل عبدالحمید ، اور پونے سے کونڈیکر وجے پرکاش شامل ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے 4امیدواروں نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ 15ہزار روپے کی زرِ ضمانت بھی نہیں بھری ہے ۔ دریں اثنا جموں وکشمیر کے جوائنٹ چیف الیکٹورل افسر ڈاکٹر رمن کمار کیسر نے آج یہاں ایک میٹنگ طلب کر کے اس سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لیا۔اس سے قبل جوائنٹ چیف الیکٹورل افسر نے اسمبلی سیکرٹریٹ جاکر صدارتی انتخابات کے تعلق سے کئی معاملات پر اسمبلی کے سیکرٹری ایم آر سنگھ کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میں ڈپٹی چیف الیکٹورل آفیسر کرشن لال اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔