فیروز خان کانگریس طلبا ونگ این ایس یو آئی کے قومی صدر نامزد راہل گاندھی نے شارٹ لسٹ امیدواروں کا ذاتی طور انٹرویو کر کے نام کی سفارش کی

نیوز ڈیسک
نئی دہلی//ضلع رام بن کے پوگل پرستان سے تعلق رکھنے والے فیروز خان کو کانگریس پارٹی کی سٹوڈنٹس ونگ نیشنل سٹوڈنٹس یونین آف انڈیا(نسوئی)کانیشنل صدر نامزد کیاگیاہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے نائب صدر راہل گاندھی ،جوکہ نسوئی کے پارٹی کی ذیلی تنظیموں کے انچارج ہیں، نے شارٹ لسٹ کئے گئے امیدواروں کا ذاتی طور انٹرویو لینے کے بعد فیروز خان کے بطور نسوئی صدر کے لئے سفارش کی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری جناردن دیویدی نے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ”کانگریس صدر سونیا گاندھی نے فیروز خان کو 2سال کی مدت کے لئے نسوئی کا نیشنل صدر تعینات کرنے کو منظوری دے دی ہے“۔ نسوئی نیشنل صدر کے لئے ملک بھر سے کل 7امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیاگیا تھا جس میں جموں وکشمیر سے فیروز خان اورنسوئی جموں وکشمیرصدر نیرج کندن شامل تھے۔ 28سالہ فیروز خان نے 2006میں NSUIجوائن کی تھی، اسی سال انہیں گورنمنٹ ڈگری کالج بھدرواہ میں نسوئی صدر بنایاگیاتھا۔ بعد ازاں وہ مختلف عہدوں پر فائض رہے جس میں نائب ضلع صدر ، ضلع صدر رام بن ممبر سٹیٹ ایگزیکٹیو اور سٹیٹ سیکریٹری شامل ہیں ۔ اس وقت فیروز خان نسوئی نیشنل جنرل سیکریٹری تھے۔ فیروز خان کے والد انجینئر ہیں جبکہ والدہ گھریلو خاتون ہیں ۔انہوں نے سیاسی سرگرمیاں گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول رام بن سے شروع کی تھیں۔ ان کی ابتدائی تعلیم بانہال اور رام بن میں ہوئی۔ بی ایس سی ڈگری کالج بھدرواہ سے کی جبکہ ایل ایل بی جموں یونیورسٹی سے کرنے کے علاوہ انہوں نے سیاسات میں ماسٹر ڈگری بھی کر رکھی ہے۔ جموں وکشمیر ریاست سے وہ NSUIنیشنل صدر بننے والے پہلے شخص ہیں۔