بچہ مزدوری کے خلاف بھدرواہ میں ریلی وسیمینار منعقد

اڑا ن نیوز
بھدرواہ // بھدرواہ ویلی پبلک اسکول کی جانب سے بچہ مزدوری کے خلاف ایک ریلی نکالی گئی جبکہ اسکول میں ایک سیمینار بھی منعقد کیا گیا جس میں بھاری تعداد میں قصبہ سے تعلق رکھنے والے معزز شہریوں نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔اس موقع پر اسکول کے پرنسپل یاسر شیخ مہمان خصوصی جبکہ ناصر شاہ ، طاہر ندیم ، ماجد ملک ، رہبر جمال اور ساہر احمد وغیرہ بھی شامل ہوئے ۔صبح پہلے اسکول میں سیمینار منعقد کیا گیا جس میں بچوں کے علاوہ معزز شہریوں نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ سرکار کو سخت سے سخت قوانین بنانے چاہیںتاکہ بچہ مزدوری پوری طرح سے بند ہو۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سرکاری اسکول بھدرواہ میں ایسے ہیں جہاں صرف وہ بچے زیر تعلیم ہیں جن کو کچھ مفاد پرست لوگوں نے اپنے گھروں میں نوکر رکھا ہے ۔ سیمینار میں موجود تمام لوگوں نے عہد لیا کہ وہ بچہ مزدوری کے خلاف کام کریں گے تاکہ باقی بچوں کی طرح غریب بچے بھی سر اٹھا کر جئیںاور تعلیم حاصل کریں ۔کیوں کہ سرکار کی جانب سے غریب بچوں کو مفت تعلیم دی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچہ مزدوری جرم ہے اور اس کی سخت سزا ہے ۔ سیمینار کے بعد ریلی نکالی گئی جو مختلف دیہاتوں سے گزرتے ہوئے اسکول کے اندر اختتام پذیر ہوئی ۔معززین نے اسکول انتظامیہ کی سمینار اور ریلی منعقد کرنے کے لئے تعریف کی ۔ وہیںاٹھکار پبلک اسکول سرتنگل کی جانب سے بھی ایک ریلی نکالی گئی ۔