مینڈھر میں گولہ باری کے تبادلہ دوران کئی مارٹر بستیوں پر گرے نصب درجن مکانات کو نقصان ، متعد مویشی ہلاک و زخمی کوٹلی سیکٹر میں بھارتی گولہ باری سے 2نوجوان جاں بحق ، متعدد زخمی ، پاکستان کا الزام

قمر عباس کیانی + نیوز ڈیسک
مینڈھر +مظفر آباد //حدِ متارکہ پر پیر کو تیسرے روز کرشنا گھاٹی اور لام سیکٹر میں دو طرفہ گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس کے دوران مینڈھر کے حدِ متارکہ پر واقع گاﺅں دبراج میں کچھ رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ مویشی بھی ہلاک ہو ئے ۔ پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وہاں 2نوجوان جاں بحق ہوگئے جبکہ دیگرکئی عام شہری زخمی ہو گئے ہیں ۔کرشنا گھاٹی سیکٹر میں منکوٹ علاقہ میں گولہ باری کا تبادلہ پیر کی صبح 6بج کر45منٹ پر شروع ہوا جو ساڑھے 8بجے تک جا ری رہا ۔ اس دوران پاکستانی فوج کی طرف سے داغے گئے متعدد مارٹر شیل دبراج گاﺅں پر بھی گرے جس سے آدھا درجن رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد مویشی زخمی ہو گئے ۔ ذرائع کے مطابق سابق ریاستی وزیر لعل محمد صابر کے بیٹے محمد اشرف کے مکان کے علاوہ محمد شبیر ولد نور محمد چوہدری سکنہ دبراج ،اور محمد ریاض و محمد امتیاز پسران میر محمد کے مکانات کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ کئی مویشی ہلاک یا زخمی ہو گئے ۔ گولہ باری شروع ہو تے ہی دبراج علاقہ میں افراتفری پھیل گئی اور لوگ اپنے گھروں میں دبک گئے ۔ اس دوران راجوری ضلع کے لام سیکٹر میں دونوں افواج کے مابین گولہ باری کا تبادلہ ہوا ۔جموں میں دفاعی ترجمان نے بتایاکہ پونچھ اور راجوری اضلاع میں پاکستانی فوجیوں نے لائن آف کنٹرول کے قریب بھارتی فوج کی پیشگ ہر اوّل چوکیوں پر پیر کی صبح پھر فائرنگ کی۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوجیوں نے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں صبح تقریبا ً6 بج کر 20 منٹ پر چھوٹے اور خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور مارٹر شیل داغے ۔ترجمان نے بتایا کہ صبح8 بج کر45 منٹ پر راجوری کے لام سیکٹر میں بھی پاکستانی فوج نے ندھا دھند فائرنگ کی جس میں چھوٹے ہتھیاروں ، خود کار ہتھیاروں ، راکٹ پروپیلڈ گرینیڈ اور مارٹر شیلوں کا استعمال کیا گیا۔ترجمان کے مطابق پاکستانی فوج کی شلنگ اورفائرنگ کابھرپوراندازمیں جواب دیاگیا ۔ترجمان نے بتایا کہ کرشنا گھاٹی سیکٹر میں گولہ باری صبح 8بج کر 15منٹ پر جبکہ لام سیکٹر میں صبح 10بج کر 10منٹ پر رک گئی ۔ پاکستانی زیر انتظام کشمیر دارالحکومت مظفر آباد سے موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ وہاں پر 2نو جوان بھارتی فوج کی فائرینگ کے دوران جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں ۔ پاکستانی زیرانتظام کشمیرکے داراحکومت مظفرآبادمیں پاکستانی فوج اورمقامی پولیس ذرائع نے بتایاکہ ضلع کوٹلی کے تحت آنے والے تتہ پانی سیکٹرمیں بھارتی فوج نے سوموارکوعلی الصبح 5بجے بلاجوازطور پرگولی باری اورشلنگ شروع کردی ،جسکے دوران حدمتارکہ کے نزدیک واقع شہری آبادی والے علاقوں کونشانہ بنایاگیا۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج نے تتہ پانی سیکٹرمیں سرحدی گاﺅں بھابھراکونشانہ بناتے ہوئے شدیدشلنگ کی گئی جس کی زدمیں آکر19سالہ نوجوان اسدعلی اور18سالہ وقار جاں بحق ہو گئے جبکہ 17سالہ شاہ زیب،35سالہ شمائلہ،14سالہ حفصہ سمیت کئی شہری زخمی بھی ہوئے ،جن کوعلاج ومعالجہ کیلئے اسپتال منتقل کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ اتوارکے روزبھارتی فوج کی بلاجوازفائرنگ اورشلنگ کی زدمیں آکرایک 70سالہ شہری جاں بحق ہواتھااوراس طرح سے گزشتہ24گھنٹوں کے دوران بھارتی فوج کی فائرنگ اورشلنگ کی زدمیں آکرتین معصوم شہری اپنی جانیں گنوابیٹھے۔