شوپیاں میں ایس او جی کیمپ پر اندھا دھند فائرنگ، اہلکار شدید زخمی ، سرینگر منتقل پلوامہ میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران تشدد بھڑک اٹھا،مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولے داغے گئے

اڑان نیوز
سرینگر//امام صاحب شوپیاں میں جنگجوﺅں نے ایس او جی کیمپ پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار شدید طورپر زخمی ہوا، اور اسے نازک حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا ۔ ایس ایس پی شوپیاں نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ دریں اثنا رتنی پورہ پلوامہ میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران تشدد بھڑک اٹھا ، فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولے داغے۔ لوگوں کے تیور دیکھ کر پولیس وفورسز نے تلاشی آپریشن ختم کیا ۔ اطلاعات کے مطابق امام صاحب شوپیاں میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب عسکریت پسندوں نے ایس اوجی کیمپ پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کیمپ کے اندر کھلبلی مچ گئی ۔ جنگجوﺅں کے ابتدائی حملے میں ایس او جی اہلکار جس کی شناخت خورشید احمد گنائی ولد غلام احمد ساکنہ چتری گام کے بطور ہوئی ہے ،شدید طورپر زخمی ہوا جسے فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے ابتدائی مرہم پٹی کے بعد پولیس اہلکار کو نازک حالت میں سرینگر منتقل کیا ۔ پولیس ذرائع نے کہاکہ پولیس اہلکار کے پیٹ میں 3 گولیاں پیوست ہوئی ہیں اور اُس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ حملے کے بعد پولیس وفورسز کی بھاری جمعیت نے امام صاحب شوپیاں اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ۔ دریں اثنا گزشتہ رات9 بجے کے قریب پولیس وفورسز نے عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد رتنی پورہ پلوامہ کے بونہ پورہ ، پاہو اور ملک محلہ گاﺅں کو محاصرے میں لے کر جونہی گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی۔ اس دوران مساجد کے لاوڈ سپیکروں پر اعلانات کئے گئے کہ لوگ گھروں سے باہر آئیں ۔ اطلاعات کے مطابق نعرے لگاتے ہوئے مرد و زن ، بوڑھے اور بچے گھروں سے باہر آئے اور پولیس وفورسز پر پتھراو کیا ۔ فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس شلنگ اور مرچی گیس کا استعمال کیا تاہم مقامی لوگ احتجاج کر نے پر بضد رہے جس کے نتیجے میں فورسز کو آپریشن ختم کرناپڑا۔