راشن کی تقسیم کاری کے لئے ڈیڈ لائن مقرر حکومت کا عید پر 1کلواضافی کھانڈ فراہم کرنے کا اعلان

اڑان نیوز
جموں//صارفین کو اشیاءضروریہ وقت پر دستیاب کرنے کے سرکار کے عزم کو دُہراتے ہوئے خوراک ، سول سپلائز ، امور صارفین اور اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے ہرماہ 10 سے 15 تاریخ تک راشن کی تقسیم کاری کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔کل ایک جائزہ میٹنگ میں وزیر نے یہ احکامات صادرکئے ۔ جموں صوبے میں راشن کی دستیابی کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر نے ایس ڈی ایم کو تقسیم کاری کے پورے عمل کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی تاکہ صارفین کو بنیادی حقوق بغیر کسی دُشواری کے فراہم کئے جاسکیں۔انہوںنے کہا کہ ہر ایک سطح پر انتظامیہ کی کارکردگی کو پرکھا جائے گا۔ وزیر نے کہا کہ ریاستی سرکار عوام کو سبسڈی پر راشن فراہم کرنے کے لئے 700 کروڑ روپے خرچ کرتی ہے اور رقومات کا منصفانہ استعمال ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔وزیر نے کہا کہ متعلقہ افسران راشن کی تقسیم کاری کے حوالے سے ہرماہ کی 16تاریخ کو یوٹیلائزیشن سر ٹیفکیٹ داخل کیا کریں گے ۔دریں اثنا وزیر نے عید کے موقعہ پر عوام کو ایک کلو گرام اضافی کھانڈ فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر نے غیر ریاستی باشندے کا راشن کارڈ بنایا گیا ہو، تو اسے رد کیا جائے ۔مالوں ، سنیماﺅں او ردیگر تجارتی ڈھانچوں میں گراں فروشی کانوٹس لیتے ہوئے وزیر نے کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات دئیے جو وضع قوانین کی عمل آوری کو یقینی بنائے گی۔کمیٹی محکمہ کے ڈائریکٹر کی سربراہی میں کام کے گی اور ضروری رپورٹ متعلقین کو پیش کرے گی۔وزیر نے قومی غذائی تحفظاتی ایکٹ سمیت مفتی محمد سعید فوڈ سکیم ، وزیر اعظم اُجولا سکیم اور دیگر سکیموں کی موثر عمل آوری کے احکامات دئیے۔ اس کے علاوہ انہوں نے جموں میں آدھار لنک کرنے کے عمل میں سرعت لانے کے بھی احکامات دئیے۔ انہوں نے رسوئی گیس کی ہوم ڈیلوری کو یقینی بنانے کے بھی احکامات دئیے۔محکمہ اطلاعات کے کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر نے ڈپٹی کمشنر کو ایک انٹگریٹیڈ کمیٹی اور سب کمیٹیا ں تشکیل دینے کے احکامات دئیے جو مارکیٹ چیکنگ کو یقینی بنائے گی تاکہ عوام کو معقول نرخون پر معیاری اشیاءفراہم کئے جاسکیں۔