تاریخی لال چوک میں راہگیروں اور گاڑیوں کی اچانک تلاشیاں

اڑان نیوز
سری نگر//جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سری نگر کے سیول لائنز بشمول تاریخی لال چوک میں ہفتہ کے روز سیکورٹی فورسز نے اچانک راہگیروں اور گاڑیوں کی تلاشی لینا شروع کردیں۔ لال چوک اور اس سے ملحقہ علاقوں میں موجود راہگیر اور تاجر ہفتہ کی صبح اس وقت حیرت میں پڑگئے جب سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس نے سری نگر کے تجارتی مرکز لال چوک میں موجود راہگیروں کی جامہ تلاشی لینے کے علاوہ گاڑیوں کے کاغذات اور موٹر سائیکل سواروں کے شناختی کارڈ چیک کرنا شروع کئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ لال چوک میں موجود راہگیروں کی جامہ تلاشی لینے کے علاوہ اُن کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ سہ پہیہ گاڑیوں میں سوار مسافروں کو آگے جانے کی اجازت دینے سے قبل اُن کی جامہ تلاشی لینے کے علاوہ اُن کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جارہے تھے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ کورٹ روڑ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی راہگیروں کی جامہ تلاشی لی گئی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تلاشی مہم کے دوران کسی بھی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی مہم جنگجوو¿ں کی جانب سے شہر میں داخل ہونے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے شروع کی گئی تھی۔