بھدرواہ بنی رابطہ سڑک ڈاک بنگلہ تا نالٹھی خستہ حالی کاشکار لوگوں نے تین دن سے ٹریفک کی آمد رفت بند کر دی ، تار کول ڈالنے کا مطالبہ

ماجد ملک
بھدرواہ // پچھلے 30برسوں سے بھدرواہ بنی رابطہ سڑک پر ترقیاتی کام جاری ہے لیکن سڑک کی تعمیر اب تک مکمل نہیں ہو سکی ہے ۔ سڑک کی تعمیر کا کام گریف 114آر سی سی کر رہی ہے اور یہ سڑک ان کے لئے سونے کی کان ثابت ہورہی ہے ۔گریف کے اعلی حکام کی جانب سے ہر برس بیانات جاری ہوتے رہتے ہیں جن میں دعوا کیا جاتا ہے کہ ایک برس کے اندر اندر سڑک کی تعمیر مکمل کی جائے گی لیکن زمینی سطح پر کوئی بھی اقدام نہیں اٹھایا جا رہا ہے ۔ڈاک بنگلو بھدرواہ سے لے کر نالٹھی تک گریف کی جانب سے سڑک کو پانچ برس قبل کشادگی کی خاطر اکھاڑا گیا تھا لیکن ابھی تک اس سڑک کی مرمت بھی نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی تار کول ڈالا گیا ہے جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ و گریف حکام کو کئی مرتبہ آگاہ کیا کہ سب سے پہلے بھدرواہ بنی رابطہ سڑک کو ڈاک بنگلو سے لے کر نالٹھی تک ٹھیک کیا جائے لیکن گریف حکام کو ٹس سے مس نہ ہو اور طرح طرح کے بہانے بنانے میں مشغول ہیں ۔پچھلے کچھ عرصہ سے گریف کی جانب سے بھدرواہ بنی رابطہ سڑک پر تار کول ڈالنے کا کام شروع بھی کیا گیا ہے لیکن تار کول گل ڈنڈا کے مقام پر ڈالا جا رہا ہے جہاں نہ تو کوئی آبادی ہے اور نہ ہی تار کول ڈالنے کی ضرورت ہے ۔ گریف کو سب سے پہلے آبادی والے علاقے میں تار کول ڈالنا چاہئے تھا تو لوگوں کو راحت ملتی ۔کیوں کہ ڈاک بنگلو سے نالٹھی تک سڑک خستہ حالی کی شکار ہے اور سڑک پر گاڑی کا ہی نہیں بلکہ انسان کو پیدل چلنا بھی مشکل ہے ۔ جب موسم خشک ہوتا ہے تو دھول لوگوں کے گھروں کے اندر پہنچ جاتا ہے اور جب بارش ہوتی ہے تو کیچڑگھروں کے اندر پہنچ جاتی ہے جس کی وجہ سے لوگوں الزامات کے مطابق طرح طرح کی بیماریوں کے شکار ہو رہے ہیں ۔ کئی مرتبہ مقامی لوگوں نے گریف حکام سے سڑک پر تار کول ڈالنے کی گزارش کی لیکن گریف حکام کی جانب سے تاریخ پر تاریخ ڈالی جاتی ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں میں کافی غصہ پایاجاتا ہے اور اس ہی وجہ سے پچھلے تین دنوں سے قلعہ محلہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں کے لوگوں نے بھدرواہ بنی سڑک کو ٹریفک کی نقل و حرکت کے لئے مکمل طور پر بند کر رکھا ہے ۔لوگوں کو کہنا ہے کہ وہ تب تک مظاہرہ جاری رکھےںگے جب تک گریف حکام کی جانب سے سڑک پر تار کول ڈالنے کا کام ڈاک بنگلو سے نالٹھی تک شروع نہیں کیا جائے گا ۔مقامی انتظامیہ کے اعلی آفیسران کئی مرتبہ مظاہرین سے ملاقات کرنے کو پہنچے لیکن لوگوں نے سننے سے انکار کر دیا ۔علاقے کے سردکردہ لوگ جن میں سید لیاقت علی ، فارق ٹھوکر ، رفیق احمد باغوان ، غلام حسین وغیرہ نے الزام لگایا کہ گریف نے ان کا جینا حرام کر دیا ہے کیوں کہ سڑک پر تار کول نہیں ڈالا جارہا ہے اور گردے اور کیچڑ کی وجہ سے مقامی آبادی بیمار ہو رہی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گریف حکام انتظامیہ کی بھی نہیں سنتے اس لئے لوگوں نے فیصلہ لیا ہے کہ وہ تب تک مظاہرہ جاری رکھیں گے جب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوتا ۔وہیں تحصیلدار بھدرواہ مسعود احمد سے جب اس سلسلہ میں رابطہ قائم کیا گیا انہوں نے بتایا کہ لوگوں کا مطالبہ جائز ہے اور انہوں نے لوگوں کے مسائل کو اے ڈی سی بھدرواہ کی نوٹس میں لایا ہے اور جلد ہی کوئی حل تلاش کیا جائے گا۔