ڈوڈہ اور کٹھوعہ میں میڈیکل کالجوں کا سنگِ بنیاد ریاست کو غیر یقینی صورتحال سے باہر نہ نکالنے تک ملک کی ترقی نامکمل: محبوبہ مفتی

نیوز ڈیسک
ڈوڈہ +کٹھوعہ //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی تب تک نامکمل ہے جب تک ریاست جموں وکشمیر کو مصائب اور غیر یقینی صورتحال سے باہر نکالنے کے لئے موثر اقدامات نہیں کئے جاتے۔ ہفتہ کے روزڈوڈہ میں گھٹ کے مقام پر میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں الائنس ترتیب دینے کا مقصد اس کو چیلنجوں اور مشکلات سے باہر نکالنا تھا۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ ملک کی مضبوط لیڈر شپ ریاست کے لوگوں کو مشکل حالات سے باہر نکال کر یہاں کے نوجوانوں کو ایک خوشحال ، پرامن اور متحرک مستقبل فراہم کرے گی۔محبوبہ مفتی نے ریاستی حکومت کو مالی امداد فراہم کرنے کے لئے مرکزی سرکار کا شکریہ اداکیا۔ انہوںنے کہا کہ نئے میڈیکل کالجوں اور دو ایمز اداروں کے قیام سے ریاست میں طبی سہولیات کی فراہمی میں کافی حد تک جدیدیت اور بہتری آئے گی۔انہوںنے کہا کہ اسے ریاست میں نہ صرف ڈاکٹروں کی تعداد میں اضافہ ہوگا بلکہ مریضوں کو اعلیٰ درجے کے علاج و معالجے کی سہولیات بھی دستیاب رہیں گی۔علاقے کے لوگوں کو مبارک باد دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اس امید کا اظہار کیا کہ میڈیکل کالج کے قیام سے یہاںکے لوگوں کی دہائیوں پرانی مانگ پوری ہوگی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ریاست کے ہر ایک علاقے کو ترقیاتی عمل میں نمائندگی دی جائے۔اس سے قبل اسی طرح کی ایک تقریب میں کٹھوعہ میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے تمام کاموں کو دو برس کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ ان کالجوں کو جلد ازجلد شروع کیا جاسکے۔انہوںنے تعمیراتی عمل میں جدید طرز تعمیر کو اپنانے پر بھی زو ردیا۔ اس موقعہ پر اپنے خطاب میں صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزیر جے پی نڈا نے کہا کہ ریاست میں پانچ میڈیک کالجوں اور دو ایمز اداروں کے قیام سے ریاست میں ایم بی بی ایس کی نشستوں میں 700کا اضافہ ہوگا اور اب کل ایک ہزار نشستیں دستیاب ہوں گی ۔مرکزی وزیر نے کہا کہ کپواڑہ ، کشتواڑ اور ادھمپور میں اعلیٰ درجے کے کینسر مراکز اور دو سٹیٹ کینسر انسٹی چیوٹ کے قیام سے ریاست میں طبی سہولیات کو کافی فروغ مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے آنے والے دنوں میں ریاست میں امراض کی تشخیص اور علاج و معالجے کی سہولیات میں بہتری آئے گی۔ انہوںنے اس سلسلے میں ریاستی حکومت کو مرکزی وزارت صحت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔وزیر اعظم کے دفتر وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے اپنے خطاب میں ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے لئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے اٹھائے گئے ،،مختلف اقدامات کاتذکرہ کیا۔ انہوں نے ریاست کی ترقی کے لئے مرکزی کی جانب سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ اپنے خطاب میں ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہاکہ موجودہ حکومت نے اُن شعبوں کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے جن کو سابق سرکاروں نے نظر انداز کیا تھا۔عوامی اجتماعات سے صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت اور وزیر مملکت آسیہ نقاش نے بھی خطاب کیا۔اس موقعہ پر ارکان قانون سازیہ شکتی راج پریہار ، دلیپ سنگھ پریہار، نیلم لانگے ،فردوس ٹاک ، کلدیپ کمار ، راجیو جسروٹیہ اور جیون لال بھی موجود تھے۔تقریبا ت میں صحت طبی تعلیم کے کمشنر سیکرٹری ڈاکٹر پون کوتوال ، صوبائی کمشنر جموں ایم کے بھنڈاری اور محکمہ صحت کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ارون سنگھل کے علاوہ صوبائی و انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔