شمالی کشمیر میں کنٹرول لائن پر فوج کی تلاشی مہم جاری

اڑان نیوز
سری نگر// فوج کی جانب سے شمالی کشمیر کے تین اضلاع کپواڑہ، بارہمولہ اور بانڈی پورہ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک گھنے جنگلوں میں تلاشی آپریشن بدستور جاری رکھا گیا ہے۔ فوج نے ان علاقوں میں گذشتہ پانچ دنوں کے دوران پاکستا نی زیر انتظام کشمیر سے دراندازی کی پانچ بڑی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے 14 جنگجوو¿ں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس دوران طرفین کے مابین گولہ باری کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اتوار کی صبح روشنی کی پہلی کرن کے ساتھ ضلع کپواڑہ کے نوگام اور مژھل سیکٹروں ، ضلع بارہمولہ کے اوڑی سیکٹر اور ضلع بانڈی پورہ کے گریز سیکٹر میں تلاشی آپریشن بحال کیا گیا۔ انہوں نے بتایا ’گریز سیکٹر میں ہفتہ کے روزایک جنگجو کو ہلاک کیا گیا۔ تاہم اس کے بعد جھڑپ کے مقام سے فرار ہونے والے جنگجوو¿ں سے فوجیوں کا تاحال کوئی آمناسامنا نہیں ہوا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کنٹرول لائن کے 4 مختلف سیکٹروں میں جاری تلاشی آپریشنوں میں سینکڑوں کی تعداد میں سیکورٹی فورس اہلکار مصروف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جانی نقصان کو ٹالنے کے لئے تلاشی آپریشنوں کو رات کے دوران معطل رکھا جاتا ہے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ شمالی کشمیر میں کنٹرول لائن پر 7 جون سے دراندازی کی پے درپے5 کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے 14 جنگجوو¿ں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔