گوئلہ کاہرہ حادثہ پر عوام سراپا احتجاج ٹھاٹھری گندوہ شاہراہ پر محکمہ بجلی کے خلاف زبر دست نعرہ بازی، تحقیقات کا مطالبہ نائب وزیر اعلی مستعفی ہوں :سروڑی، معاملہ درج ، 1گرفتار:ایس ڈی پی او گندوہ

اشتیاق ملک
گندوہ//گزشتہ روز ٹھاٹھری کے گوئلہ کاہر ہ میں 11KVترسیلی لائن میں فالٹ آنے کے لئے محکمہ بجلی کو ذمہ دارٹھہراتے ہوئے جمعہ کے روز ٹھاٹھری گندوہ شاہراہ پر کاہرہ میں مکمل بند رکھا گیا اس دوران جہاں تمام کاروباری دارے بند رہے وہیں ٹریفک کی نقل وحرکت بھی معطل رہی۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کو شام ساڑھے سات بجے گوئلہ گاﺅں بجلی کرنٹ لگنے سے تین بچیوں کا باپ جاں بحق جبکہ پندرہ سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں تین کو شدید زخمی حالت میں ضلع ہسپتال ڈوڈہ منتقل کیا گیا ۔اس حادثہ کے بعد علاقہ میں صف ماتم چھا گیا اور محکمہ بجلی کی نااہلی کے خلاف غم وغصہ کی لہر دوڑگئی ۔ جمعہ کو علاقہ کی عوام کی طرف سے مکمل ہڑتال کرنے کا اعلان کیا جس دوران کاہرہ بازار مےں تمام کاروباری ادارے بند رہے جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ سڑکوں پر اُتر آئے اور محکمہ کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی۔احتجاجی مظاہرین نے الزام لگایا کہ جہاں پہلے علاقہ میں بجلی نظام درہم برہم ہے وہیں کچھ روز قبل گوئلہ ٹرانسفارمر میں خرابی آئی تھی جس کے بارے مےں مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کو اطلاع دی تھی تاہم انہوں نے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے جس کے بعد یہ المناک حادثہ پیش آیا۔مظاہرین میں شامل صفدر علی وانی ، لیاقت علی خان ، غلام حید ر کمپنی ، محمد آصف نے اس موقع پر بولتے ہوئے محکمہ بجلی کے حکام کے خلاف سخت کاروائی کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہا کہ گوئلہ گاﺅں مےں دو کلومیٹر کے فاصلے پر کہےں لوہے کا کھمبہ نہیں ہے جبکہ ترسیلی لائنیںسبزار درختوں و مکانات کے ساتھ نصب ہیں اور اس کے باوجود صارفین سے کرایا وصو ل کیا جاتا ہے ۔انہوں نے محکمہ کے ملازمین کے خلاف سخت کاروائی کی مانگ کرتے ہوئے متاثرین کو معقول معاوضہ فراہم کرنے کی مانگ کی ۔اس دوران سابق وزیر وممبر اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی بھی احتجاج میں شامل ہوئے اور اس حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ بجلی کے اعلی حکام کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے نائب وزیر اعلی ڈاکٹر نرمل سنگھ کو آڑے ہاتھوں لےتے ہوئے کہا کہ نائب وزیر اعلی بجلی نظام کو بہتر بنانے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خطہ چناب میں بجلی کا نظام تباہی کے دہانے پر ہے اور کئی انسانی جانیں محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے بجلی کا شکار بنے ہیں۔ایم ایل اے موصوف نے ریاستی چےف سےکریٹری و ڈویژنل کمشنر جموں سے بھی بذریعہ ٹیلیفون بات کی اور معاملہ کی اعلی سطح تحقیقات کی مانگ کی ۔انہوں نے متاثرین کو دس لاکھ روپے معاوضہ دینے وزخمیوں کو مفت علاج کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔دریں اثناءسروڑی نے مرحوم فرید حسین کے گھر جا کر غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی۔اس موقع پر ایس ڈی ایم ٹھاٹھری محمد انور بانڈے و ایس ڈی پی او گندوہ سنی گپتابھی موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ اس معاملہ میں تحقیقات عمل میں لا کر قصور واروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ایس ڈی پی او نے کہا کہ محکمہ کے ایک ملازم کو پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لیا ہے جبکہ تھانہ پولیس گندوہ میں ایف آئی آر زےر نمبری 44/2017,U/S 304A,337RPCدرج کیا ہے اور تحقیقات شروع کی گئی ہے جس کے بعد عوام نے احتجاج ختم کیا۔