شعبہ اردو کا تحقیقی مجلہ’تسلسل‘یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے منظور شدہ مجلوں میں شامل کیاگیا

جموں//شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی نے اس وقت ایک نیاسنگ میل طے کیاجب مذکورہ شعبہ کے تحقیقی مجلہ ”تسلسل “ کو یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے منظورشدہ مجلوں میں شامل کیاگیا۔”تسلسل “ جوکہ ایک خالص مجلہ ہے اوراس کی اشاعت 1998 میں شروع ہوئی اوراس وقت ”تسلسل“ کاشمار اُردودُنیاکے اہم ادبی مجلوں میں ہوتاہے۔ تحقیقی مجلہ کے مدیراعلیٰ پروفیسرشہاب عنایت ملک نے ”تسلسل “ کے متعدد خصوصی نمبرات بھی شائع کئے ہیں جن میں منٹونمبر، فیض احمدفیض نمبر، سیرسیداحمد نمبر، مخطوطات نمبر ، رساجاودانی نمبروغیرہ قابل ذکرہے جنہیں ادبی حلقوں میں بے حدسراہاگیا۔پروفیسرشہاب عنایت ملک اوران کے ساتھیوں کی کوششوں سے یہ مجلہ آرٹس فیکلٹی کااہم مجلہ شمارکیاجاتاہے ۔یہی نہیں ”تسلسل “ ملک کے نئے لکھنے والے اسکالروں کو تحقیقی مقالہ لکھنے کاپلیٹ فارم بھی مہیاکرتاہے ۔ اتناہی نہیں پاکستان سے بھی ”تسلسل “ میں شائع کرنے کےلئے مقالات وصول کئے جاتے ہیں اورپاکستانی مقالہ نگار ”تسلسل “ میں شائع ہونا اپنے لئے فخرمحسوس کرتے ہیں۔ پروفیسر شہاب عنایت ملک کے مطابق پروفیسر صغیرافراہیم (علی گڑھ یونیورسٹی ) ، پروفیسرعلی جاوید (دہلی یونیورسٹی ) اورپروفیسر خواجہ اکرام الدین (جواہرلال نہرویونیورسٹی ) تسلسل کے ریفری ہیں جبکہ ادارتی بورڈ میں پروفیسر شہاب عنایت ملک کے علاوہ پروفیسر ضیاءالدین، ڈاکٹرمحمدریاض احمد، ڈاکٹرچمن لال ، ڈاکٹر عبدالرشیدمنہاس اور ڈاکٹرفرحت شمیم بھی شامل ہیں۔پروفیسرشہاب عنایت ملک نے نئے لکھنے والے اسکالروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس حوالہ جاتی تحقیقی مجلہ ”تسلسل “ کےلئے مقالات تحریرکرکے اسے مزیدموثربنائیں۔قابل ذکرہے کہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یوجی سی )اب انہی مقالات کو تسلیم کرے گی جو یوجی سی منظورشدہ ریسرچ جرنل میں شائع ہوئے ہوں گے۔ یوجی سی کی جانب سے مختلف مضامین کے تسلیم شدہ مجلوں کی فہرست شائع کی گئی ہے۔ اُردومضمون میں ملک بھرکے کُل 76 ریسرچ جرنلوں کوتسلیم کیاگیاہے جن میں شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کا مجلہ ”تسلسل “ تیسرے مقام پرہے۔