جموں ائرپورٹ پر 134مسافر بال بال بچے ائر انڈیا طیارے کے ٹائر زمین پر اترتے وقت پھٹ گئے

اڑان نیوز
جموں // جموں ہوائی اڈے پر جمعہ کو ائرانڈیا کے طیارے میں سوار 134 مسافر اور عملے کے اراکین اُس وقت بال بال بچ گئے جب زمین پر اترنے کے دوران اس کے دو ٹائر پھٹ گئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ائرانڈیا کی پرواز نمبر اے آئی 821 جو نئی دہلی سے براستہ جموں سری آرہی تھی، کے دو پہیے جموں ہوائی اڈے پر اترنے کے دوران پھٹ گئے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ طیارے میں سوار سبھی مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ ہیں ۔ انہوں بتایا کہ پائلٹ نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے ایک بڑے حادثے کو ٹال دیا البتہ رن و ے کو نقصان پہنچا ہے ۔جموں ائرپورٹ کے اسٹیشن ڈائریکٹر وی کے گوتم نے بتایا کہ طیارے میں سوار سبھی مسافر محفوظ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ رن وے پر لینڈنگ کررہا تھا۔ انہوں نے بتایا ’ماہرین کی ایک ٹیم ٹائر پھٹنے کی وجوہات کا پتہ لگارہی ہے‘۔ حادثے کے بعد ائرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت کچھ دیر تک معطل رہی۔ طیارے کو جموں مسافر اتارنے ور سوار کرنے کے بعد سرینگر کے لئے روانہ ہو نا تھا لیکن حادثے کی بعد اس کی آگے کی پرواز معطل کر دی گئی ۔ واضح رہے کہ سری نگر اور جموں ہوائی اڈوں پر 2015 کے جون سے پیش آنے والا اس نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ تینوں دفعہ یہ حادثے ائرانڈیا کی ہی پروازوں کو پیش آئے۔ 15 جون 2015 کو سری نگر ائرپورٹ پر ائرانڈیا کی پرواز میں سوار 167 مسافر اور عملے کے اراکین اُس وقت بال بال بچ گئے تھے جب لینڈنگ کے دوران مذکورہ پرواز کا ٹائر پھٹ گیا تھا۔ 30 جون 2016 کو ایک ایسے ہی واقعہ میں سری نگر کے ہی ائرپورٹ پر ائرانڈیا چارٹر طیارہ (کوریئر سروسز) زیر نمبر اے آئی 3821 میں سوار 130 نیم فوجی اہلکار اور عملے کے اراکین بال بال بچ گئے تھے۔