امتیاز وانی
گول// گول اور سنگلدان علاقوں میں ماہ صیام کے دوران راشن کی قلت کے باعث صارفین کو طرح طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں راشن ڈیلران محکمہ کے آفیسران وملازمین کے ساتھ ملی بھگت کرکے راشن کو ہڑپ کرتے ہیں۔ اڑان سے بات کرتے ہوئے کئی لوگوںنے بتایا کہ راشن کی کمی کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب راشن کی عدم دستیابی کے بارے مےں محکمہ امور صارفین سے بات کی جاتی ہے تو محکمہ کی طرف سے یہی جواب ملتا ہے کہ اوپر سے ہی راشن نہیں آیا ہے جبکہ حکومت نے اعلان کیا تھا ماہ صیام کے پیش نظر تما م راشن گھاٹوں پر وافر مقدار میں راشن دستیاب رکھا گیا۔ لوگوں نے بتایا کہ کئی بار اس معاملہ کو متعلقہ تحصیل سپلائی آفیسر واسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ کی نوٹس میں بھی لایا تاہم کوئی اقدمات نہیں کئے گئے۔انہوں نے الزام لگایا کہ علاقہ میں راشن کی کا لا بازاری عروج پر ہے ۔بی جے پی کے سینئر لیڈر گول کلدیپ راج دوبے کا کہنا ہے کہ محکمہ امور صارفین و تقسیم کاری محکمہ گول کے زیادہ تر علاقوں میں راشن فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہوچکا ہے ۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مفتی سعیدکے نام پر جو راشن گول میں دیا جانا تھا وہ بھی چار مہینوں سے غائب ہے۔جبکہ کھانڈ ایک سال سے لوگوں کو نہیں دیاجا رہا ہے۔ ایک گاڑی پورے سال میں دی گئی ہے اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ باقی کا راشن اور کھانڈ کہا ںجاتا ہے ان کا یہ بھی کہنا تھا یہا ں پر محکمہ کی ملی بھگت نیچے سے لے کر اُوپر تک ہے ۔ کلدیپ راج دوبے نے سرکار سے مانگ کی ہے کہ راشن کی تقسیم کاری میں ہورہی ہیرا پھیری کی اعلی سطحی تحقیقات عمل میں لا کر ملوث آفیسران وملازمین کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اور علاقہ میں راشن کی کمی کو دور کیا جائے۔