ورلڈ پاکسنگ کونسل کی جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق پاکستانی باکسر محمد وسیم فلائی ویٹ کیٹیگری میں عالمی نمبر ایک باکسر بن گئے ہیں۔
ورلڈ باکسنگ کونسل کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی نئی عالمی رینکنگ میں پاکستانی باکسر محمد وسیم فلائی ویٹ کیٹیگری میں پہلے، میکسیکو کے باکسر فرانسسکو روڈریگوئز جونیئر دوسرے اور برطانوی باکسر اینڈریو سیلبی تیسرے نمبر پر ہیں۔
محمد وسیم یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی باکسر ہیں۔
بی بی سی کے نامہ نگار شیراز حسن سے بات کرتے ہوئے محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ’یہ پاکستان کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے، خاص طور پر میرے لیے اور میرے باکسنگ کیریئر کے لیے بہت اہم ہے۔ یہ اعزاز جنوبی ایشیا میں آج سے پہلے کسی باکسر کے نام نہیں رہا تھا۔‘
خیال رہے کہ پاکستانی باکسر محمد وسیم ورلڈ باکسنگ کونسل کے سلور ویٹ ٹائٹل کے چیمپیئن ہیں۔
انھوں نے گذشتہ سال نومبر میں اس اعزاز کا فلپائن کے باکسر گیمل مگرامو کو شکست دے کر کامیابی سے دفاع کیا تھا۔
محمد وسیم کا کہنا تھا کہ اب ان کے اگلے دو مقابلے سپرفلائی ویٹ کیٹیگری کے کولمبیئن باکسر کے ساتھ پانچ جولائی اور 29 جولائی کو پاناما میں ہوں گے جس کے لیے وہ پاکستان میں ہی اپنے ٹرینر کے ہمراہ بھرپور تیاری کر رہے ہیں اور کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔
انھوں نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حالیہ کامیابی پر حکومت کی جانب سے جس گرانٹ کا اعلان کیا گیا تھا وہ بالآخر انھیں فراہم کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ محمد وسیم پروفیشنل باکسر بننے کے بعد امریکہ کے شہر لاس ویگس میں مقیم ہیں جہاں وہ مشہور باکسر فلائیڈ مے ویدر کے ٹریننگ سینٹر میں ٹریننگ کرتے ہیں اور فلائیڈ مے ویدر کے چچا جیف مے ویدر ان کےٹرینر ہیں۔