اڑان نیوز
اننت ناگ//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے کل پہلگام کلب میں ایک میٹنگ طلب کر کے شری امر ناتھ جی یاترا 2017 کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری داخلہ ، ڈائریکٹر جنرل پولیس ، صوبائی کمشنر کشمیر ، ضلع ترقیاتی کمشر اننت ناگ اور ایس ایس پی اننت ناگ کے علاوہ باقی تمام متعلقہ افسران موجود تھے ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر جو کہ یاترا افسر بھی ہیں ، نے یاترا کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے اب تک کئے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی ۔ انہوں نے کہا کہ والنیٹ فیکٹری قاضی گنڈ کے ٹرانزٹ کیمپ میں 55 عارضی بیت الخلاءاور 65 پینے کے پانی کے پوسٹ قایم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میر بازار میں بھی اسی طرح کے انتظامات کئے گئے ہیں اور محکمہ صحت عامہ شردھالوو¿ں کیلئے شیش ناگ ، پنج ترنی اور پوتر گپھا میں پینے کا پانی دستیاب رکھنے کے اقدامات کر رہا ہے ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے بجلی ، صحت اور خوراک محکموں کی جانب سے کئے گئے انتظامات کی تفصیلات دیتے ہوئے جانکاری دی کہ چندن واڑی اور نون ون بنیادہ کیمپوں میں 500 کوئنٹل چاول ، 200 کوئنٹل آٹا ، 150 کوئنٹل چینی ، 24 کلو لیٹر تیل خاکی اور رسوئی گیس کے 7500 سلینڈر سٹاک کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نون ون ، شیش ناگ ، پنجترنی اور پوتر گپھا کے قریب مجموعی طور 2350 شامیانے اور 170 دکانیں قایم کی گئی ہیں ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ یاترا کیلئے محکمہ جنگلات نے 600 کوئنٹل بالن فراہم کرنے کے علاوہ 4 ہزار کوئنٹل بالن کو فراہم کرنے کیلئے سٹاک کیا ہے ۔ محکمہ بجلی کے ایگزیکٹو انجینئر نے کہا کہ یاترا کے مختلف روٹوں پر 2.8 کے وی صلاحیت والے 65 ڈی جی سیٹ دستیاب رکھے گئے ہیں ۔ چیف سیکرٹری نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ 29 جون 2017 سے شروع ہونے والی سالانہ امر ناتھ جی یاترا کو احسن طریقے پر منعقد کرانے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیں ۔