بی جے پی کا مشنِ تسخیر کشمیر ….؟ پہلے مرحلہ کے تحت کام کیلئے پونچھ ضلع کے 3اسمبلی حلقوں سے 65ورکروں کا انتخاب

  1. gھر گھر پیغام پہنچانے کیلئے 25سو رضاکاروںکو سلیکٹ کیاجائےگا

    بی جے پی کا مشنِ تسخیر کشمیر ….؟

    پہلے مرحلہ کے تحت کام کیلئے پونچھ ضلع کے 3اسمبلی حلقوں سے 65ورکروں کا انتخاب

    الطاف حسین جنجوعہ

    جموں//جموں وکشمیر میں مخلوط حکومت کی اتحادی پارٹنر بھارتیہ جنتا پارٹی نے ریاست کے اطراف واکناف میں پارٹی کی آئیڈیالوجی پہنچانے اور مودی قیادت والی مرکز ی سرکار کی حصولیابیوں کو اجاگر کرنے کے مقصد سے ’کریہ وستار یوجنہ‘نامی نیا پروگرام شروع کیا ہے۔ اس کے تحت جموں وکشمیر ریاست کے تمام 87اسمبلی حلقوں سے چند ورکروںکو بطورقلیل مدتی رضاکار”Alp Vistaraks©©“کے طور منتخب کرکے مکمل تربیت دینے کے بعد دوسرے حلقوں میں بوتھ سطح پر بھیجاجائے گا جہاں یہ کم سے کم 15دن گذاریں گے اور اس علاقہ میں موجود گھر گھر پارٹی کے نظریات واصولوں بارے لوگوں کو بتائیں گے۔ پارٹی نے پروگرام کو کامیاب نے کے لئے ریاست بھر سے کل 2500رضاکاروں کا انتخاب کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ پہلے مرحلہ کے تحت ضلع پونچھ کے تین اسمبلی حلقوں سرنکوٹ، مینڈھر اور حویلی پونچھ سے 65قلیل مدتی رضاکاروں کو سلیکٹ کیاگیا ہے جنہیں ریاست کے دیگر خطوں میں بھیجاجائے گا۔ اس سلسلہ میں پارٹی ریاستی جنرل سیکریٹری(آرگنائزیشن)اشوک کول نے کریہ وستار یوجنہ کے ریاستی انچارج پون شرما کے ہمراہ پونچھ ضلع کے ان 65قلیل مدتی رضاکاروں سے میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں ریاستی سیکریٹری سنیل گپتا، ایم ایل سی پردیپ شرما اور ضلع صدر پونچھ کیپٹن بنسی لال موجود تھے۔ اشوک کول نے بتایاکہ پارٹی کے مینڈھر، سرنکوٹ اور پونچھ حویلی اسمبلی حلقوں سے کل 65کارکنا ن نے رضاکاروں نے اپنے بلاکوں کو چھوڑ دیگر علاقوں میں’بی جے پی کریہ وستار یوجنہ‘کے تحت15دنوں کے لئے کام کرنے کا رضاکارانہ فیصلہ کیا ہے، ان میں سے ہر ایک کو بوتھ سطح پر بھیجا جائے گا جوکہ پنڈت دین دیال اوپادھیائے کے اصولوں ونظریات کے علاوہ نریندر مودی قیادت والی مرکزی سرکار اور جموں وکشمیر میں بی جے پی مخلوط حکومت کی حصولیابیوں وکارکردگیوں بارے جانکاری فراہم کریں گے۔ان کا کہناتھاکہ ہر معزز کارکن کو پارٹی کے لئے خدمات انجام دینی ہونگیں اور عوام کے ساتھ رابطہ میں رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی نے پہلے ہی چند کارکنان کو 12ماہی اور 6ماہی کورسز کے لئے بھیجا ہے جوکہ اپنے اپنے شعبہ جات میں اچھا کام کر رہے تھے، تاکہ ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھار لایاجائے۔ خواتین کارکنان کو بھی اس عمل میں شامل کیاجارہاہے۔ پردیپ شرما نے اس حوالہ سے پورے عمل بارے بتایاکہ 18جون تک ریاست کے باقی اضلاع میں بھی اسی طرح رضاکاروں کو سلیکٹ کرنے کا عمل شروع ہوگا اور وہ یکم جولائی تک بوتھ سطح تک کام کریں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ پروگرام بھارتیہ جنتا پارٹی کی اس طویل مدتی مشن کا حصہ ہے جس کے تحت پارٹی نے جموں وکشمیر ریاست میں 2020اسمبلی انتخابات کے اندر کم سے کم 40نشستیں حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔