اذان تنازع میں جاوید اختربھی کودے ، کہا : آپ کی عبادت سے دوسروں کو پریشانی نہ ہو

ممبئی : اذان کے بارے میں ٹویٹ کر کے چوطرفہ تنقید کی زد میں آئے سونو نگم کو نغمہ نگار جاوید اختر کا ساتھ مل گیا ہے۔ ممبئی میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈس تقریب میں پہنچے جاوید اختر نے سونو نگم کو لے کر جاری تنازع پر اپنی رائے رکھی۔ جاوید اختر نے کہا کہ ‘جہاں تک میرا خیال ہے، خواہ وہ مسجد، مندر، چرچ یا گرودوارہ ہو، کوئی بھی مذہبی مقام ہو، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے، آپ نماز یا عبادت کیجیے، لیکن آپ کی عبادت سے دوسروں کو کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہئے۔

خیال رہے کہ جاوید اختر کو جمعہ کی رات بالی ووڈ کے بہترین شاعر، نغمہ نگار اور اسکرپٹ رائٹر کے طور پر دادا صاحب پھالکے ایکسی لینس ایوارڈ سے نوازا گیا ۔

اسی ایوارڈ میں پہنچی کنگنا رنوت نے بھی سونو نگم کی اذان پر دیئے گئے ٹویٹس پر بے باکی سے اپنی رائے کا اظہار کیا ۔ کنگنا نے کہا کہ میں کسی اور شخص کے بارے میں نہیں بول سکتی، لیکن ذاتی طور پر میں اذان بہت پسند کرتی ہوں، لکھنؤ میں جب میں تنو ویڈس منو فلم کی شوٹنگ کر رہی تھی تو اس دوران میں اذان مجھے بہت پسند آنے لگی۔

خیال رہے کہ سونو نگم نے 17 اپریل کی صبح لگاتا ر متعدد ٹویٹ کئے ، جن میں اذان کو لے کر اعتراض کیا۔سونو نے کہا تھا کہ میں مسلمان نہیں ہوں لیکن پھر بھی مجھے روزانہ صبح 5 بجے اذان کے شور سے اٹھنا پڑتا ہے۔ سونو نے گرودوارہ اور مندروں میں بھی لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر سوالات کھڑے کیے۔ اس کے بعد سے انہیں چوطرفہ تنقید کی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔