امبیڈکرجینتی کے موقعہ پرغنچہ ابریشم سے وابستہ کسانوں کیلئے

نیوز ڈیسک
جموں //نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ زراعت اور اس سے جڑے دیگر شعبوں کو فروغ دینے کیلئے حکومت کی طرف سے خاطر خواہ اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا جا رہا ہے تا کہ وہ زرعی پیداوار میں اضافہ کر کے اپنی اقتصادی صورتحال بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی میں بھی اپنا بھر پور رول ادا کر سکیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ سیریکلچر محکمے اور مرکزی سلک بورڈ کی طرف سے ڈاکٹر بی آر امبیدکر کے جنم دن کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر غنچہ ابریشم سے وابستہ کسانوں کیلئے شیڈول کاسٹ منصوبے کی بھی شروعات کی گئی ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے سکیم کے مستحقین اور ٹیکسٹائیلز کی مرکزی وزیر سمرتی زوبن ارانی اور وزیر مملکت کے درمیان ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تبادلہ خیال کا بھی افتتاح کیا ۔ اس کانفرنس میں کئی دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کسانوں نے بھی شرکت کی ۔ ایم ایل اے چنینی دینا ناتھ بھگت اور کئی دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے مرکزی حکومت بلخصوص سینٹرل سلک بورڈ کا اس بات کیلئے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے سکیم کی عمل آوری کیلئے ریاست جموں و کشمیر کو بھی منتخب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بالخصوص جموں میں کافی تعداد میں ایس سی سیریکلچر کسان موجود ہیں اور اس سیکٹر میں روز گار کے کافی وسائل موجود ہیں ۔لہذا اس کی طرف بھر پور توجہ دی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو اپنی پیداوار میں اضافہ کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے وزیر اعظم نے بھی کئی تواریخی اقدامات کا اعلان کیا ۔ اس تقریب پر ایم ایل اے چنینی دینا ناتھ بھگت کے علاوہ کئی دیگر افسران نے بھی خطاب کیا ۔ اس سے پہلے ڈاکٹر نرمل سنگھ نے آئین ہند کے معمار بھارت رتن ڈاکٹر بی آر امبیدکر کو اُن کے 126 ویں جنم دن کے موقعے پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بابا صاحب نے پوری زندگی سماج کے پچھڑے طبقے کے لوگوں کی بہبودی کیلئے کام کیا ۔