سکھ طبقہ نے بیساکھی کا تہوار مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا سبھی مذاہب انسانیت کا درس دیتے ہیں، راستے الگ مگر منزل ایک ہی:فاروق عبداللہ

جموں//ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ ساتھ ریاست جموں وکشمیر میں بیساکھی کا تہوار جوش وخروش کے ساتھ منایاگیا۔ خاص کر سکھ طبقہ نے اس دن کو عقیدت واحترام کے ساتھ منایا۔ ضلع گردوارا پربندھک کمیٹی جموں کی طرف سے گردوارا صاحب شری گورونانک دیو جی چاندگرجموں میں خالصہ ساجنہ دیوس(بیساکھی)کی مناسبت سے’مہان گرمت سماگم‘کا اہتمام کیاگیا۔ اس میں صوبہ بھر سے آئے ہوئے عقیدتمندوں نے شرکت کی جس میں ہندو¿ ومسلم طبقہ کے لوگ بھی شامل تھے۔شری دربار صاحب امرتسرکے گرانتھی سربراہ سنگھ صاحب گیانی جگتار سنگھ، بھائی رنجیت سنگھ، راگی جتھہ بھائی رائے سنگھ حضوری راگی اور مقامی راگی جتھہ نے شرکت کی، گربانی کرتن پڑا اور خالصہ ساجنہ دیوس کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔سماگم میں نظامت کے فرائض ضلع گردوارا پربندھک کمیٹی جنرل سیکریٹری اوتار سنگھ خالصہ نے انجام دیئے جبکہ صدر جگجیت سنگھ نے شکریہ کلمات ادا کئے۔ نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابقہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، این سی صوبائی صدر دویندر سنگھ رانا نے بھی سماگم میں حصہ لیااوربیساکھی کے موقع پر سکھ طبقہ کے لوگوں کو مبارک باد پیش کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ’پہلے وراثت خالصہ گتکا مقابلہ‘جوکہ 9اپریل کو اسی گردواراہ میں منعقدہ ہوا تھا میں کامیابی حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مذہبی رواداری کی اہمیت پرزور دیتے ہوئے کہاکہ دنیا بھر میں جتنے بھی مذاہب ہیں وہ انسانیت کا درس دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ راستے مختلف ہوسکتے ہیں لیکن منزل سبھی کی ایک ہے۔ صوبائی کمشنر جموں پون کوتوال بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پہلا انعام نیر پاو¿ خالصہ گکتا اکھاڑہ ، دوسرا خالصہ انٹرنیشنل گتکا اکیڈمی ، تیسر ا انعام خالصہ گتکا فورس اکھاڑہ اور چوتھا انعام کالیگدار ادھاتمک گتکا اکھاڑہ کو دیاگیا۔ اس گتکا مقابلہ میں9اکھاڑہ جن میں خالصہ فورس گتکا اکھاڑاہ، نیرپاو¿ خالصہ گتکا اکھاڑہ، بابا فتح سنگھ گتکا اکھاڑہ، کے سی ایف گتکا اکھاڑہ، خالصہ انٹرنیشنل گتکااکھاڑہ، خالصہ گتکا گروپ ،جابرجنگ گتکا اکھاڑہ اور کالگدار گتکا اکھاڑہ نے حصہ لیاتھا۔ریاستی گوردواراپربندھک بورڈ چیئرمین ٹی ایس وزیر نے گتکا مقابلہ میں فاتحین کو مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر ضلع گردوارا پربندھک کمیٹی ممبر جتھیدار موہندر سنگھ، شرومنی اکالی دل بادل جموں وکشمیر صدر کلدیپ سنگھ، نئاب صدر ایڈوکیٹ سریندر سنگھ، ہربھجن سنگھ، امریک سنگھ روشن، ایس کے ڈی سنگھ، ایس مندیپ سنگھ بٹا، کامریڈ سکھ دیو سنگھ بھی موجود تھے جنہوں نے جوڑا گھر میں سیوا کی خدمات انجام دیں۔اس موقع پر راویندر سنگھ روزی اور ڈاکٹر ترن سنگھ ودیگران کی طرف سے مفت طبی کیمپ کا اہتمام کیاگیاتھا۔ سکھ یوتھ سیواٹرسٹ نے عطیہ خون کیمپ کا اہتمام کیا جبکہ سیلف ایجوکیشن ٹرسٹ نے سنگت کے لئے کتابوں کا ستال بھی لگایاتھا۔ آخر میں ڈی جی پی سی جنرل سیکریٹری اوتار سنگھ خالصہ نے ریاستہائے متحدہ امریکہ کی طرف سے سکھ فیسٹیول ’بیساکھی‘کو نیشنل دن قرار دینے کا خیر مقدم کیا۔