کشمیریوں کا خون بہانہ محبوبہ مفتی کی حکومت کا مشغلہ مرکزبندقوں اور پیلٹ گنوں کے دہانے کھولنے کے بجائے مذاکرات کے دروازے کھولے ۔ڈاکٹر کمال

نیوزڈیسک
سرینگرمسئلہ کشمیر کے سیاسی حل کے ذریعے ہی ریاست خصوصاً وادی کشمیر کے حالات پٹری پر لائے جاسکتے ہیں اور دیرپا امن و امان کی فضاءقائم کی جاسکتی ہے، اس لئے ضروری ہے کہ حکومت ہند مزید وقت ضائع کئے بغیرمسئلہ کشمیر کے بنیادی فریقوں کے ساتھ غیر مشروط مذاکراتی عمل شروع کرے۔ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت اب بھی مسئلہ کشمیر کے تئیں غافل اور غیر سنجیدہ رہی تو اس کے خطرناک اور سنگین نتائج برآمد ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ مرکزی نے یہاں کے عوام کیساتھ دوریاں بڑھانے کے سوا اور کچھ نہیں کیا، یہی وجہ ہے کہ لوگوں کو جمہوریت اور آئین سے بھی اعتبار اُٹھ گیا ہے، اس سب کی بنیادی وجہ ہندوستان کی سیاسی قیادت کی طرف سے وقت وقت پر کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں سے انحراف اور جموں وکشمیر کو حاصل خصوصی مراعات کو طاقت کے بلبوتے پر ایک ایک کرکے چھیننا ہے۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ مرکز بار بار کشمیریوں کو طاقت کے بلبوتے پھر دبانے کی غلطیاں دہرا رہا ہے اور مرکز کے اس غیر انسانی سلوک کا نتیجہ گذشتہ دن سرینگر بڈگام کے ضمنی چناﺅ کے دوران دیکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم کا نئی دلی پر سے پوری طرح بھروسہ اُٹھ گیا ہے اور اس بھروسے کی بحالی اب انتہائی مشکل دکھائی دے رہی ہے۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ مرکزی سرکار بنا وقت گذارے پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ مذاکرات شروع کرے اور اس دیرینہ اور پیچیدہ مسئلے کا حل ڈھونڈ نکالنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے مرکزی سرکار سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں بندقوں اور پیلٹ گنوں کے دہانے کھولنے کے بجائے مذاکرات کے دروازے کھولے اور کشمیری نوجوانوں کا اعتماد اور بھروسہ جیتنے کیلئے سیاسی پہل کریں۔ ریاستی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ڈاکٹر کمال نے کہا کہ پی ڈی پی اقتدار میں آکر ظالم اور نوجوان دشمن جماعت بن کر سامنے آئی ہے، آئے روز کشمیریوں کا خون بہانہ محبوبہ مفتی کی حکومت کا مشغلہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے نوجوانوں کی ہلاکت کی بنا پر اننت ناگ ضمنی چناﺅ ملتوی نہیں کروائے بلکہ اپنی یقینی ہار کو ٹالنے کیلئے ایسا کیا۔ اس جماعت کے لیڈران کو عوام کیساتھ کسی بھی قسم کی ہمدردی نہیں ہے، یہ وہی جماعت ہے جنہوں نے 2014میں اُس وقت یہاں الیکشن کروانے کیلئے دلی میں جی توڑ کوششیں کی جب یہاں کے لوگ سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے تھے اور الیکشن کے وقت بھی بیشتر آبادی اپنے گھروں سے دور ہی تھی۔ معاون جنرل سکریٹری نے کہا کہ پی ڈی پی بھاجپا حکومت یہاں کے عوام کو احساس تحفظ دینے میں سرے سے ہی ناکام رہی اور گذشتہ اڑھائی سال کے دوران یہاں تباہی اور بربادی کے سوا لوگوں کو کچھ بھی دیکھنے کو نہیں ملا۔