گورنر کی صدارت میں شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی کی26 ویں ایگزیکٹو کونسل کی میٹنگ منعقد

نیوزڈیسک
جموں//گورنر این این ووہرا جو شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں، کی صدارت میں کل ککریال میں یونیورسٹی کی26 ویں ایگزیکٹو کونسل کی میٹنگ منعقد ہوئی۔گورنر نے یونیورسٹی میں انٹر پرنیور شِپ اور اختراع پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے ٹیکنالوجی بزنس انکیو بیٹر کے تعاون سے فکلٹی اور طُلباءکی زیادہ سے زیادہ شراکت داری پر زور دیتے ہوئے اختراعی خیالات کو فروغ دینے پر زور دیا۔ایگزیکٹو کونسل نے اکیڈیمک کارکردگی کی حوصلہ افزائی اور معیاری تحقیق کو فروغ دینے کے کئی منصوبہ جات کو منظوری دی۔کونسل نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو نیٹ/ گیٹ/ میٹ اور دیگر امتحانات میں حصہ لینے کی طُلباءکو حوصلہ افزائی کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے اور فکلٹی اور بی ٹیک طُلباءکے لئے انٹرن انڈسٹریل انٹرن شِپ متعارف کرنے کے لئے کہا۔کونسل نے یونیورسٹی میں کارپوریٹ ایڈوائزری بورڈ کی تشکیل کو بھی منظوری دی۔ اس کے علاوہ تحقیق اور پیٹینٹ تیار کرنے میں بہترین کارکردگی دکھانے والے فکلٹی ممبران کو نوازنے کو بھی منظوری دی جس کے لئے پیشہ وارانہ ڈیولپمنٹ اسسٹنس کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اس کے علاوہ انڈور سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر، کام کرنے والے افراد کے لئے ایم بی اے پروگرام متعارف کرانے کو بھی منظوری دی گئی۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سنجیو جین نے کونسل کو مطلع کیا کہ یونیورسٹی میں مختلف کورسوں کو بڑھانے کے لئے آئی آئی ٹی پروفیسروں کو مدعو کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور ماہرین پر مبنی گیسٹ لیکچروں کی بھی شروعات کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے تمام کلاس روزم کو ملٹی میڈیا پروجیکٹو ں سے لیس کر کے سمارٹ کلاس رومز کے طور فروغ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال یونیورسٹی میں99 کیمپس تعیناتیاں عمل میں لائی گئیں۔میٹنگ میں پروفیسر ایل چوپڑا، سابق ڈائریکٹر آئی آئی ٹی گورکھپور، انسانی وسائل کی وزارت کے سابق سیکرٹری آر پی اگروال، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اُمنگ نرولا، یو پی ایس سی کے سابق چیئرمین، وائس چانسلر آر ڈی شرما، کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر خورشید اقبال اندرابی اور دیگر افسران و ماہرین نے شرکت کی۔