افواہیں افسوسناک اورشرمناک شائع خبربے بنیاداورگمراہ کن:شبیرخان

نیوزڈیسک
جموں//سابق وزیر شبیر احمد خان نے ان افواہوں کو افسوس کن بتایاجن میں کہاجارہاہے کہ محکمہ بجلی کے افسران ان کی ہدایت پر سرنکوٹ میں لوک عدالت سے غیرحاضر رہے ۔مقامی اخبار میں شائع ہوئی خبر کومسترد کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ یہ ان کے خلاف گمراہ کن مہم ہے جس کامقصد ان کو سیاسی طور پر نقصان پہنچاناہے ۔اس حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ حیران کن بات ہے کہ وہ نہ تو خود اقتدار میں ہیں اور نہ ہی ان کی جماعت بھی برسراقتدار ہے اس لئے ایک عام شخص بھی یہ سمجھ سکتاہے کہ کیسے محکمہ بجلی کے افسران ان کے کہنے پر عمل کریںگے ۔شبیر خان نے کہاکہ کچھ لوگوں کی طرف سے انہیں سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے اور ان کانام بلاوجہ اس معاملے میں گھسیٹا گیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ فہم و فراصت رکھنے والاکوئی بھی شخص اس طرح کی گمراہ کن باتوں پر یقین نہیں کرسکتا اوریہ محض اس لئے کیاگیاہے تاکہ انہیں سیاسی طور پر نقصان پہنچایاجاسکے ۔ انہوںنے احتجاج کو بدقسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے کہاکہ یہ سب کچھ گمراہ کن افواہوں پر ہوا جن کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں ۔سابق وزیر نے کہاکہ اس سلسلے میں اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جانی چاہئے تاکہ سچائی سامنے آسکے اور اس پورے معاملے میں ملوث عناصربھی بے نقاب ہوسکیں جنہوںنے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ۔ انہوںنے کہاکہ یہ کہنے کی ضرورت نہیںکہ وہ ایک وکیل ہونے کے ناطے عدلیہ کا انتہائی احترام کرتے ہیںاور انہیں اس ادارے پر پورا بھروسہ ہے ۔