آئی ایس ایل پی کے موضوع پر سہ روزہ قومی کانفرنس کا آغاز کانفرنس مربوط کاشتکاری میں دلچسپی رکھنے والے کسانوں کی حوصلہ افزائی کرے گی:کوہلی

نیوزڈیسک

جموںبھیڑ و پشو پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے سکاسٹ جموں میں ” ٹیکنالجیکل انٹر ونشنز فار سسٹین ایبل لائیو سٹاک پروڈکشن“ ( ٹی آئی ایس پی ایل ) کے موضوع پر ایک تین روزہ قومی کانفرنس کا افتتاح کیا۔ سکاسٹ جموں نے اس کانفرنس کا اہتمام سوسائٹی فار ویٹرنری اینڈ اینمل ہسبنڈری ایکسٹنشن کے اشتراک سے کیا ہے۔سکاسٹ جموں کے وائس چانسلر پروفیسر پردیپ کے شرما اور سکاسٹ کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر نذیر احمد نے اس موقعہ پر مہمان ذی وقار کی حیثیت سے شرکت کی۔کمشنر سیکرٹری اینمل ہسبنڈری آر کے بھگت ، سیکرٹری سکاسٹ جموں ڈاکٹر ورما کے علاوہ کئی دیگر اہم شخصیات اور سائنسداں بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس کانفرنس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے لگ بھگت 300 ریسر چ سکالر ، سائنسدان اور ویٹرنرین شرکت کر رہے ہیں۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ کانفرنس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ پشو پالن اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں جانکاری کا تبادلہ ہوسکے تاکہ ریاست میں اس شعبے کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچایا جاسکے۔اُنہوںنے کہا کہ کانفرنس ان کسانوں کے لئے مشعل راہ ثابت ہوگی جو مربوط کاشتکاری میں دلچسپی رکھتے ہوں ۔وزیرنے بدلتے ہوئے ماحولیاتی حالات کے تناظر میں پشو پالن کے شعبے کو فروغ دینے کےلئے اختراعی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سائنسدانوں اور تحقیق دانوں پر زور دیا کہ وہ اس جانب خصوصی توجہ دیں۔بعد میں وزیر نے دوسری قومی کانفرنس کے سوینئر اور کیمپئنڈیم کا بھی اجرا کیا۔