ہم پر گولیوں اور پیلٹ کی برسات طاقت کے نشے میں چُور بھارت چن چن کرکشمیریوں کاقتل عام کررہاہے:میرواعظ

سرےنگرحریت کانفرنس (ع) کے محبوس چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے شہدائے بڈگام کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ گولیوں اور پیلٹ کی جو برسات ہم پر کی جارہی ہے اور ہمارے نوجوانوںکو چُن چُن کر جس بے دردی اور بے رحمی کے ساتھ ہلاک کیا جارہا ہے ہم لاکھ اُس کی مذمت کرےں لیکن بھارت طاقت کے نشے میں چُور ہماری نسل کُشی پر جس طرح عمل پیرا ہے اس سے اُنکے جارحانہ طرز عمل پر کوئی فرق نہیں پڑنے والا۔ موصولہ بےان مےں میرواعظ نے کہا کہ حکومت ہند مسئلہ کشمیر کو سیاسی بنیادوں پر حل کرنے کے بجائے فوجی قوت کے بل پر حل کرنے کی اپنی جارحانہ پالیسیوں پر گامزن ہے جو بیحد افسوسناک ہے۔ میرواعظ نے کشمیری عوام کی جانب سے گزشتہ کل نام نہاد الیکشن ڈرامے سے مکمل طور پر دور رہنے اور پورے کشمیر میں ہمہ گیر ہڑتال کے دوران بھارت اور اسکے مقامی حواریوں کی جانب سے وسط کشمیر کے ضلع بڈگام میں بدترین ریاستی دہشت گردی کے تحت کم از کم آٹھ نوجوانوں کو شہید جن میں شہید فیضان فیاض ڈار ، شہید عباس جہانگیر، شہید شبیر احمد بٹ، شہید نثار احمد میر، شہید عاقل احمد وانی، شہید عادل فاروق شیخ، شہید عامر احمد راتھر، شہید عامر فاروق گنائی شامل ہیں کو پُر نم آنکھوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے والدین اور لواحقین کے ساتھ تعزیت اور تسلیت پیش کی اور کہا کہ پوری قیادت اور قوم اُن کی پشت پر کھڑی ہے اور اللہ تعالیٰ سے ان شہداءکی قربانیوں کے طفیل آزادی کی منزل کے حصول کی خصوصی دعا کی۔ میرواعظ نے کل کے سانحہ میں سینکڑوں افراد کو شدید زخمی کرد ینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری شفایابی کیلئے دعا کی۔میرواعظ نے کہا کہ پوری کشمیر قوم بھارتی فورسز کے درمیان محصور ہے اور جن قوتوں نے ہمیں محصور کر رکھا ہے اُن سے اور اُن کے مقامی حواریوں سے کسی بھی طرح کی انسانیت اور اخلاق کی اُمید نہیں اور کشمیر میں جو قتل عام جاری ہے اس سے پی ڈی پی اور بھارت نواز جماعتیں اپنا دامن نہیں بچا سکتی ہےں اور وہ اخلاقی طور پر دیوالیہ کا شکار ہو گئی ہےں، انہیں اس بات کیلئے کوئی شرمندگی اور پشیمانی نہیں ہے اور وہ کشمیری عوام کے دُکھ درد سے قطعی طور پر لاتعلق ہےں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کی جانب سے فوجی دھونس اور دباﺅ کے باوجود کشمیری عوام نے کل ایک بار پھر تحریک آزادی کے تئیں جس بھر پور استقامت اور مزاحمت کا مظاہرہ کیا وہ نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا کیلئے چشم کشا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد کا مقصد صرف اور صرف حق خوداردیت کا حصول ہے اور بھارت کا کوئی بھی عمل جو وہ جموںوکشمیر کو اپنے ساتھ ملانے کیلئے کرے گا اس میں وہ ہرگز کامیا ب نہیں ہوگا اور کشمیری عوام اُسے ہر قیمت پر مسترد کریں گے ۔میرواعظ نے مزاحمتی قیادت کی جانب سے دیئے گئے پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے قوم و ملت خاص طور پر نوجوانوں کو اپنے عظیم مقصد کو حاصل کرنے کیلئے جس جرات ، حوصلہ اور استقامت کا کل ایک بار پھر مظاہرہ کیا اُس کو سلام پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان جس بلند نصب العین کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اگرچہ وہ ہمارے لئے سخت اذیت کا باعث ہے تاہم اس سے تحریک کے تئیں ہماری ذمہ داریوںکو مزید تقویت حاصل ہوتی ہے۔میرواعظ نے کہا کہ پورے کشمیرکو سرکاری فورسز اور پولیس نے عملاً ایک بڑے جیل خانے میں تبدیل کردیا ہے اورمزاحمتی قیادت ،عوام خاص طور پر نوجوانوں کو یا تو خانہ نظر بند یا پھر جیلوں اور تعذیب خانوں میں مقید کیا گیا ہے اور شبانہ چھاپوں اور اندھا دھند گرفتاریوں کا مذموم سلسلہ برابر جاری ہے، ایسے میں قیادت اور عوام براہ راست اپنے ان شہیدوں کے تئیں خراج عقیدت ادا کرنے اور ان کے لواحقین اور عزیز و اقربا تک پہنچنے اور ان سے اظہار ہمدردی و یکجہتی سے قاصر ہیں اور ہمارے پاس اجتماعی سو گ اور ماتم اور اظہار یکجہتی کیلئے سوائے پر امن احتجاجی ہڑتال کے اور کوئی ذریعہ نہیں ہے ۔میرواعظ نے کہا کہ گزشتہ کل ان دردناک اور خونین واقعات نے یہ بات پھر واضح کردی ہے کہ بھارت کی کشمیر میں ۸ لاکھ سے زائد فوجیوں کی موجودگی کے باوجود اپنی جنگ ہار چکا ہے لہٰذا اب اُسے یہ حقیقت تسلیم کرکے کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے حق خودارادیت کے وعدوں اور معاہدوں کی عمل آوری کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔دریںاثنا میرواعظ کی ہدایت پر ایک اعلیٰ سطحی جس میں جناب محمد شفیع خان، ڈاکٹر عمر، ایڈوکیٹ بشیر احمد، ایڈوکیٹ شیخ یاسر اور جناب خورشید احمد شامل تھے نے، شہر کے بڑے ہسپتال ایس ایم ایچ ایس سرینگر جاکر گزشتہ کل ضلع بڈگام کے مختلف علاقوں میںسرکاری فورسز کے ہاتھوں زخمی کئے گئے افراد کی مزاج پرسی کی اور جناب میرواعظ کی جانب سے ان کی خیر و عافیت معلوم کی اور ان کی فوری شفا کیلئے دعا کی۔