چناﺅ ملتوی کرانے کا اب کوئی فائدہ نہیں 8نوجوانوں کی ہلاکتوں میں حکومت براہ راست ذمہ دار :غلام احمد میر

نیوزڈیسک

سرینگرپی ڈی پی کی جانب سے الیکشن ملتوی کرنے کی مانگ پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے امیدوار نے کہاکہ چونکہ الیکشن میں صرف ایک روز باقی ہے اس صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ضمنی انتخابات ملتوی نہیں ہوسکتے ۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی ا س موقعے پر بھی نوجوانوں کے خون کے ساتھ سیاست کرنے سے بھی باز نہیں آرہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ 8عام شہریوں کی ہلاکتوں میں ریاستی حکومت براہ راست ذمہ دار ہے کیونکہ الیکشن کمیشن اور حکومت نے ضمنی انتخابات کے دوران سیکورٹی کا کوئی بندوبست نہیں کیا تھا۔ جے کے این ایس نمائندے کے مطابق اننت ناگ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس نیشنل کانفرنس کے امیدوار غلام احمد میر نے کہاکہ موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے ضمنی انتخابات ملتوی نہیں ہو سکتے ۔ انہوںنے کہاکہ چونکہ پی ڈی پی کو ہار سامنے دکھائی دے رہی ہے اور وہ الیکشن ملتوی کرانے کے حوالے سے الیکشن کمیشن پر زور دے رہی ہے۔ غلام احمد میر کے مطابق کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے سب سے پہلے ضمنی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ حالات سازگار نہیں تاہم حکومت الیکشن کرانے پر بضد رہی ۔ انہوںنے کہاکہ چونکہ سرینگر پارلیمانی نشست کیلئے انتخابات ہوئے اور اب اننت ناگ نشست کے انتخابات میں صرف ایک دن باقی ہے اور ان حالات میں الیکشن ملتوی کرانے کا اب کوئی جواز باقی نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی ان حالات میں بھی نوجوانوں کے خون پر سیاست کرنے سے باز نہیں آرہی ہے اور الیکشن ملتوی کراکے وہ سیاسی فائدے ڈھونڈ رہی ہے۔ غلام احمد میر نے واضح کردیا کہ چرار شریف ، چاڈورہ ، بیروہ اور گاندربل میں آٹھ نوجوانوں کی ہلاکتوں میں ریاستی حکومت براہ راست ذمہ داری ہے کیونکہ حکومت نے پُر امن الیکشن کے حوالے سے سیکورٹی فراہم نہیں کی ۔ نوجوانوں کی ہلاکتوں میں ملوث فورسز اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے غلام احمد میر نے کہاکہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جانا چاہئے کہ کن وجوہات کی بنا پر نو جوانوں کو گولیوں سے بوندھ کر رکھ دیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی ہر محاز پر ناکام ثابت ہو گئی ہے ، ہمارے نوجوان مر رہے ہیں اور حکومت ہاتھ پے ہاتھ دھرے بیٹھی ہے۔